انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
انسان کے عالَمِ اکبر ہونے کی وجہ : ارشاد: صوفیہ کہتے ہیں کہ انسان عالمِ اکبر ہے، کیوں کہ مقصود وجودِ عالم سے انسان ہی ہے، دوسرے یہ کہ دنیا کی تمام اشیاء مظاہر ہیں اسمائے حق جل شانہٗ کی اور انسان ان میں مظہرِاتم ہے۔شرک ِاکبر وشرکِ اصغر کا فرق : ارشاد: بزرگوں کے متعلق اگر کسی کا یہ عقیدہ ہو کہ حق تعالیٰ نے ان کو ایسا اختیار دیا ہے کہ جب چاہیں اس اختیار سے تصرف کرسکتے ہیں، حق تعالیٰ کی مشیبِ جزئیہ کی حاجت نہیں رہتی، یعنی یہ اعتقاد ہو کہ وہ بزرگ اگر کسی کام کو کرنا چاہیں اور حق تعالی نہ اس کام کو روکیں، نہ اس کام کا ارادہ کریں تو ایسی حالت میں اگر وہ بزرگ چاہیں تو اس کام کو کرسکتے ہیں، یہ یقینی کفر اور شرکِ اکبر ہے اور اگر ان بزرگ کے متعلق یہ اعتقاد ہے کہ وہ مشیتِ ایزدی کے محتاج تو ہیں اور اذنِ جزئی کی بھی ان کو ضرورت تو ہوتی ہے، مگر ان کے چاہنے کے وقت مشیتِ ایزدی ہو ہی جاتی ہے تو گویہ شرک وکفر تو نہیں، مگر کذب فی الاعتقاد اور معصیت وشرکِ اصغر ہے۔سلاطینِ اسلام کی اہانت کا ضرر : ارشاد: سلاطینِ اسلام کی علی الاعلان اہانت میں ضرر ہے جمہور کا، ہیبت نکلنے سے فتن پھیلتے ہیں، اس لیے سلاطینِ اسلام کا احترام کرنا چاہیے۔سوانح عمری لکھنے کا مشغلہ : ارشاد: آج کل بزرگوں کی سوانح عمریوں میں بہت مبالغہ کرتے ہیں حتیٰ کہ معائب ونقائص کو خواہ مخواہ کھینچ تان کر محاسن میں داخل کرتے ہیں، اس لیے میں نے اپنی وصیت میں لکھ دیا ہے کہ میری سوانح نہ لکھی جاوے۔ البتہ جناب رسول اللہﷺ کی سوانح عمری بے شک ضروری ہے، اس لیے ان کے واقعات سے احکام ثابت ہوتے ہیں جن کا اتباع کیا جاتا ہے، پھر ان کے جمع کرنے میں احتیاط کس درجہ کی گئی ہے، باقی بزرگوں کی ہر حالت قابلِ اتباع تھوڑا ہی ہے۔ نیز ایسے سوانح عمری لکھنے والوں کی نیت بھی درست نہیں ہوتی، کبھی تو جاہ مقصود ہوتی ہے کہ ہم ایسے شخص کی طرف منسوب ہیں اور کبھی مال مقصود ہوتا ہے کہ لوگ خوب خریدیں گے۔ ’’ض‘‘ کا حکم: ارشاد: اگر کوئی غیر قادر ہم سے پوچھے کہ صاحب میں ضالین کو کیا پڑھوں؟ تو ہم یوں کہیں گے کہ تم (ض) کو اس کے مخرج سے نکالنے کا قصد کرو، پھر خواہ کچھ ہی نکلے تم معذور ہو، باقی یہ کہیں گے کہ دالین پڑھو یا ظالین پڑھو، جو صحیح مخرج پر قادر نہ ہو اس کی امامت، نماز سب جائز ہے، لیکن اس کو جب کوئی شخص ایسا مل جائے جو صحیح نکالنے کی مشق کراسکتا ہے تو اگر اس وقت مشق نہ کرے گا تو گنہگار ہوگا، جب تک صحیح نہ ہو اس وقت تک ایسے لوگوں کی نماز برابر صحیح ہوتی رہے گی، غلط پڑھنے سے بھی، مگر سیکھنا واجب ہوگا اور نہ سیکھنے سے گنہگار ہوگا۔’’صلعم‘‘ کا حکم : ارشاد: درود کا مخفف جو لوگ لکھتے ہیں (صلعم)، یہ مناسب نہیں گویا یہ درود سے ناگواری اور تنگی کی دلیل ہے، اگر کوئی شخص حضورﷺ کا اسمِ مبارک لکھے اور نہ زبان سے درود پڑھے اور نہ پورا درود کا صیغہ لکھے، تو صرف