انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بیعت یا تعلیم وتلقین کی ہنوز نوبت نہ آئی تھی کہ زید قریب المرگ ہوگیا تھا اور شیخ کو بذریعہ تار بلا بھیجا مگر شیخ کے آنے پر اس کا کام تمام ہو چکا ہے۔ البتہ زید نے ایک تحریر لکھ دی تھی ۔ شیخ کے نام کہ میں آپ سے مرید ہوں تو گویا وہ شیخ داخل سلسلہ بذریعہ بیعت کرسکتا ہے یا نہیں؟ جواب: نہیں کیوں کہ ’’ مقصود بیعت‘‘ یعنی تعلیم وتلقین اب نہیں ہوسکتی، رہ گئی برکت سلسلہ کے بزرگوں کی وہ قبول شیخ پر موقوف نہیں ، میّت کی ارادت ومحبت سے وہ حاصل ہوگئی۔مضرت پیر نااہل : ارشاد: ایک شخص مطب خلافِ قواعد کرتا ہے اور مریضوں کی ہلاکت کا سبب بنتاہے، کوئی خیر خواہ مریضوں کو اس ہلاکو سے بچانے کے لیے یہ ذریعہ اختیار کرے کہ خود مطب کھول دے اور کہے: گوطب میں نہیں جانتا مگر میرے مطب میں یہ مصلحت ہے کہ کوگ اس ہلاکو سے بچیں گے اور گو علاج میں بھی نہ کروں گا جس میں خطرے کا اندیشہ ہو مگر بے خطرہ چیزیں بتلاتا رہوں گا، تو آیا اس خیر خواہ کو اس کی اجازت دی جائے گی یا یہ سمجھا جائے گا کہ یہ صورت بہ نسبت مطب نہ کھولنے کے زیادہ ضرر رساں ہے کیوں کہ مطب نہ کھولنے کی حالت میں اس ہلاکت کا سبب یہ خیر خواہ نہ ہوتا، اور اب جتنے علاج نہ ہونے سے ہلاک ہوں گے اس کا سبب یہ شخص بنے گا، یہی حال اس شخص کا ہے جو بیعت لینے کی اہلیت تو نہیں رکھتا، لیکن پیر محض اس لیے بننا چاہتا ہے کہ لوگ گمراہ پیروں کے پھندے میں نہ پڑیںبلکہ اپنے عقائد حقہ کی تعلیم کر سکے، حالاں کہ عقائد حقہ کی تعلیم اور گمراہیوں سے بچانا تو زبان سے بلا پیر بنے ہوئے بھی ممکن ہوسکتا ہے، پھر کوئی نہ بچے تو وہ جانے اس سے اس شخص کو تو گناہ نہ ہوگا۔ اگر یہ خیال ہوکہ لوگوں کو بیعت کرلے کسی محقق کے پاس پہنچا دے تو بعد تأمل اس میں بھی مفاسدنظر آتے ہیں، اوّل تو بعضے مریدین دوسری جگہ رجوع نہ کریں گے دوسرے چند روز میں ایسے غیر کامل پیر میں ہجوم عوام سے خود بینی وعجُب وریا وغیرہ پیدا ہو جائے گا اور تعلیم میں عار کے سبب کبھی جہل کا اقرار نہ کرے گا ضلوا فأضلوا کا مصداق بنے گا۔مرید شیخ میں تناسب نفع کی شرط ہے : ارشاد: میرے مزاج میں تنگی ہے اور دیگر حضرت کے مزاج میں وسعت، پس اس تنگی کے سبب میرے اور آپ کے مذاق میں تناسب نہیں ہوتا۔ اور تناسب نفع کی شرط ہے اور جہاں توسع ہے وہاں چھوٹے چھوٹے واقعات سے اثر نہیں ہوتا۔ اس لیے مذاق میں تخالف نہیں ہوتا وہاں نفع کی امُید ہے۔شیخ کے سامنے مشغولیت ذکر کا حکم : ارشاد: میری مجلس میں ممکن تو ہے کہ اسم ذات میں مشغول رہو۔ البتہ جس وقت میں کوئی بات کروں اس وقت ساکت ہوکر اس کو سُنو۔ کما قال اللّٰہ تعالٰی: {وَاِذَا قُرِیَٔ الْقُرْاٰنُ} [الأعراف: ۲۰۴]۔فوائد صحبتِ شیخ : ارشاد: شیخ کے سامنے رہنے کے منافع حسب ِ ذیل ہیں: