انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اور اگر ذکر میں ضرب یاحبس ہو چند روز کے لیے ترک کردیں۔گمان کمی عقیدت ومحبتِ شیخ اور اس کا علاج : حال: یہ خبیث مرض ہے کہ آپ کے پیچھے بہت ذوق وشوق بہت انس ومحبت مگر جہاں صورت (شیخ کی) دیکھی اور ذرا پاس بیٹھا وحشت ہوتی ہے اور طبیعت مکدر ہوتی ہے۔ تحقیق: یہ محبت وعقیدت میں کمی نہیں بلکہ بوجہ عدم مناسبت کے وحشت ہے اس وحشت سے شبہ ہوجاتاہے قلتِ محبت کا، عدمِ مناسبت اس وجہ سے سے ہے کہ پاس زیادہ نہیں رہے، مزاج نہیں پہچانا، اس کا علاج کچھ ضروری نہیں کیوں کہ کچھ مضر نہیں۔ لیکن باوجود غیر ضروری ہونے کے علاج ہی کو دل چاہتاہے تو زیادہ پاس رہیے، ورنہ بار بار آنے جانے کا انتظام کیا جائے۔دعائے خاص کا یاد نہ رہنا اور اس کا علاج : حال: گو ہمیشہ طلبِ دعا کرتاہوں اور حضور فرماتے ہیں کہ دعا کرتاہوں مگر ہمیشہ بدگمانی رہتی ہے کہ حضور کے خدام میں ایک نام کے بیسیوں ہوں گے کیا یاد ہوگا۔ تحقیق: خط آنے کے وقت تو ضرور دعا خاص طور سے کرلیتاہوں، اور دوسرے اوقات میں عام دعا کرتاہوں، کیوں کہ خاص طور پر یاد رہنا واقعی دشوار ہے مگر حق تعالیٰ کو تو اس عام کے خاص افراد معلوم ہیں، وہ سب کے حق میں اس کو واقع فرماسکتے ہیں۔غلبۂ نوم : تحقیق: نیند اگر بہت غالب ہو تو اس کو دفع نہ کیا جائے۔ وظیفہ چھوڑ کر سور ہنا چاہیے پھر دوسرے وقت پورا کیا جائے اور اگر زیادہ غالب نہ ہو تو ہمت کرکے جاگنا چاہیے۔حکمِ خواب : تحقیق: بیداری کا اہتمام کیجیے خواب کی فکر چھوڑئیے کہ اوّل متعلق بہ تشریح ہے جس کا انسان مکلف ہے اور ثانی متعلق بہ تکوین ہے جس کا انسان مکلف نہیں۔حافظِ قرآن ہوکر حفظِ قرآن میں طبیعت نہ لگنا : حال: جو قرآن شریف کی طرف رجوع کرتاہوں تو طبیعت نہیں لگتی اور دل گھبراتاہے۔ تحقیق: بعض طبائع ایسی ہوتی ہیں کہ ان سے تنہا کام نہیں ہوتا۔ کسی ایسے شخص کو تجویز کرلیں جو قرآن بطور استاد کے سناکرے اور مشورہ دے سکے کہ اتنا یاد کرواور اتنا سناؤ اور اگر دماغ ضعیف ہو تو طبی علاج بھی کرو۔وقت مجاہدئہ ثانیہ : حال: پہلے توجہ الی اللہ زیادہ تھی، تقاضائے معصیت بہت مغلوب تھا اور ایک گونہ جمعیت اور سکون اوریکسوئی حاصل تھی، لیکن اب وہ حالت نہیں رہی، تقاضائے معصیت کا بعض وقت غلبہ بہت ہوتاہے۔