انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
دوسرے سے توقع ہوتی ہے، پھر جب اس توقع کے خلاف برتاؤ ہوتا ہے تو جھگڑے پیش آتے ہیں، اسی لیے فقہا نے لکھا ہے کہ سفرِ حج کے زاد میں کسی کو شریک نہ کرے اس شرکت کی وجہ سے ہر شریک کو دوسرے سے امداد وراحت رسانی کی توقع ہوتی ہے اور سفر کی حالت میں بعض دفعہ انسان اپنی بھی امداد نہیں کر سکتا تو دوسرے کی کیا خاک امداد کرے گا، اس لیے ضرورت اس کی ہے کہ ہر شخص اپنا سامان کھانے پینے کا جدا رکھے اور انتظام پکانے کا بھی الگ کرے، دوسرے کسی سے کچھ توقع نہ رکھے، اس کے بعد اگر کسی سے ذرا سی بھی راحت پہنچ جائے گی تو اس کی قدر ہوگی اور نہ پہنچے گی تو شکایت نہ ہوگی۔تقویٰ کا ہیضہ : ارشاد: فقہانے لکھا ہے کہ جو شخص گیہوں کا ایک دانہ لیے پھرے تشہیر کے لیے اس کو سزا دینی چاہیے، کیوں کہ یہ تقویٰ کا ہیضہ ہے اس کا انجام ابتلا فی المعصیت ہے۔حجرِ اسود میں کسوٹی کی خاصیت ہے : ارشاد: محققین نے لکھا ہے کہ حجرِ اسود میں کئی خاصیتیں ہیں، یعنی اس میں یہ خاصیت ہے کہ استلام کے بعد جیسا شخص ہوتا ہے وہ اپنی اصل خلقت میں ظاہر ہو جاتا ہے پس جس کی حالت حج کے بعد پہلے سے اچھی ہو جائے، سمجھو کہ اس کا حج قبول ہوا اور جس کی حالت پہلے سے بھی بد تر ہو جاوے اس کا حج قبول نہ ہونے کا اندیشہ ہے۔سفرِ حج میں ناگواری کا راز : ارشاد: حج میں کلفت کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ اپنے کو بہت کچھ سمجھتے ہیں، اسی لیے سفر میں جب کوئی بات اپنی شان کے خلاف پیش آتی ہے تو اس سے ناگواری ہوتی ہے، پھر اس سے دوسروں سے جھگڑے شروع ہو جاتے ہیں، اگر ہر شخص اپنے آپ کو مٹادے اور عزت وآبرو کو بالائے طاق رکھ دے اور اپنے کو سب کا خادم سمجھے تو یہ باتیں پیش ہی نہ آئیں۔حج نہ کرنے میں سوئِ خاتمہ کا اندیشہ ہے : ارشاد: اگر حج نہ کیا تو سوئِ خاتمہ کا اندیشہ ہے اور کر نے میں تو صرف یہی اندیشہ ہے کہ قلعی کھل جاوے گی وہ اس وقت جب کہ اس کے آداب وشرائط کا لحاظ نہ کیا جاوے، ورنہ کثر یہی ہوتا ہے۔ شوق ومحبت سے جو حج کیا جاتا ہے اس سے دین داری میں ترقی ہی ہو جاتی ہے۔ضعفاء کا تھوڑا سا عملِ اقویا کے عمل کثیر سے بڑھ جاتا ہے : ارشاد: اگر عورتیں ذرا صبر وتحمل سے کام لیں تو ان کو مردوں سے زیادہ ثواب ملے، کیوں کہ یہ ضعیف وکمزور ہیں اور ضعفا کا تھوڑا سا عمل بھی قوی آدمی کے بہت سے اعمال سے بڑھ جاتا ہے۔کامل الایمان کی شناخت : ارشاد: تم میں کامل الایمان وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے ساتھ خلق ولطف سے پیش آوے۔