انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بس ایک مجذوب کو اس غمکدہ میں شادماں پایا جو بچنا ہو غموں سے آپ کا دیوانہ ہو جائے(۵۳) حضرت والا کے اکابر کے خصوصیات : حضرت والا نے فرمایا: ہمارے اکابر بالخصوص حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب ؒ اپنے مخالفین کو بھی بُرا بھلا نہیں کہتے تھے، ان میں تحزب اور پارٹی بندی چُھو بھی نہیں گئی تھی، تعصب اور تنگ خیالی ان میں مطلق نہ تھی جیسے ائمہ کی شان ہوتی ہے۔(۵۴) دست بوسی رسماً کبر اور ریا کا مقدمہ ہے : فرمایا کہ بزرگوں کے ہاتھ چومنا یہ بالکل نئی عادت ہے، یوں ہاتھ چومنا بلکہ پاؤں چومنا بھی جائز ،ہے مگر رسماً کبر وریا کا مقدمہ ہے۔ (۵۵) فرمایا کہ جان کا بدلہ جان، یعنی فدیہ میں ذبح کرنا بجز عقیقہ کے کہیں ثابت نہیں۔(۵۶) اِستخارہ سے مقصود محض طلبِ خیر ہے: فرمایا : استخارہ کی حقیقت طلبِ خیر کہ استخارہ ایک دعا ہے جس سے مقصود صرف طلب اعانت علی الخیر ہے، یعنی استخارہ کے ذریعہ سے بندہ خدا تعالیٰ سے دعا کرتا ہے کہ میں جو کچھ کروں اسی کے اندر خیر ہو اور جو کام میرے لیے خیر نہ ہو وہ کرنے ہی نہ دیجیے، پس جب وہ استخارہ کر چکے تو اس کی ضرورت نہیں کہ سوچے کہ میرے قلب کا زیادہ رُجحان کس بات کی طرف ہے، پھر جس بات کی طرف رجحان ہو اس پر عمل کرے اور اسی کے اندر اپنے لیے خیر کو مقدر سمجھے، بلکہ اس کو اختیار ہے کہ دوسرے مصالح کی بنا پر جس بات میں ترجیح دیکھے اسی پر عمل کرے اور اسی کے اندر خیر سمجھے، کیوں کہ پہلی صورت میں الہام کا حجتِ شرعیہ ہونا لازم آتا ہے اور لازم صحیح نہیں لہٰذا ملزوم بھی صحیح نہیں، پس حاصل یہ کہ استخارہ سے مقصود محض طلبِ خیر ہے، نہ کہ استخبار۔(۵۷) بیپروائی مفاسد کی جڑ ہے : فرمایا کہ بے پروائی کو لوگ دین کے خلاف نہیں سمجھتے، حالاں کہ بے پروائی جڑ ہے مفاسد کی۔(۵۸) عورتوں سے کبھی مناظرہ مناسب نہیں : فرمایا کہ عورتوں سے کبھی مناظرہ نہ کرے، جو ان سے مناظرہ کرے گا ان کی کجی کی وجہ سے اس کو ضرور غصہ آوے گا۔(۵۹) سفارش کے شرائط : فرمایا کہ سفارش سے طیبِ خاطر کا اثر ہو تو جائز ہے، کیوں کہ اس اثر میں اذیت نہیں ہوتی اور اگر یہ گمان ہو کہ وہ سفارش کرنے والے کے خلاف نہ کرنے پر مجبور ہوگا تو سفارش سے ایسا اثر ڈلوانا ناجائز ہے۔ (۶۰) فرمایا کہ بحمد للہ تعالیٰ کسی وقت، کسی موقعہ پر حضرت حاجی صاحب ؒ کو میری طرف سے کسی قسم کی گرانی نہیں