انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
’’صلعم‘‘ لکھنا بالکل ناکافی ہے، بلکہ پورا درود لکھنا یا زبان سے کہنا واجب ہے۔موئے مبارک کا حکم : ارشاد: یہ جو موئے مبارک کے نام سے بعض جگہ پایا جاتا ہے، اس کے متعلق زیادہ کاوش نہیں چاہیے، اس سے کوئی حکمِ شرعی تو متعلق ہے نہیں محض زیارت سے برکت حاصل کرنا ہے سو اس کے لیے دلیلِ ضعیف کافی ہے۔جوابِ مسئلہ میں احتیاط ضروری ہے : ارشاد: مسئلہ کا جواب دینا محض کلّیات سے بدونِ جزئیہ کو متعدد کتابوں میں دیکھے ہوئے مناسب نہیں، احتیاط کے خلاف ہے۔اہلیہ کے ساتھ نہایت نرمی کا برتاؤ چاہیے : ارشاد: حضورﷺ اپنے ازواجِ مطہرات کے ساتھ نہایت مہربانی فرماتے تھے اور فلاں شخص جو علم وتقویٰ کا دم بھرتے تھے، اپنی بیوی پر بہت سختی کرتے تھے، جس کا اثر یہ تھا کہ ان کی بیوی ان کو سور کا بچہ کہتی تھیں اور میرے حسنِ سلوک کا میرے گھر والوں پر یہ اثر ہے کہ وہ مجھ کو بجائے پیر سمجھتی ہیں، بیوی کی تھوڑی بہت بدخلقی کو گوارا کر لینا کیا عجیب ہے جب کہ وہ شادی کرتے ہی سارے اعزا کو چھوڑ کر شوہر کے لیے وقف ہو جاتی ہے۔صوفیہ وعلما کی مثال : ارشاد: صوفیہ کی مثال ایاز کی سی ہے اور علما کی مثال میمندی کی سی ہے، ایاز محبوب تو ہے مگر انتظام حسن ہی کے سپرد ہے۔مدرسی کی فضیلت : ارشاد: گوشہ نشینی سے مدرسی (دینیات کی) افضل ہے۔تشبہ کا ثبوت قرآن سے : ارشاد: {لَا تَرْکَنُوْآ اِلَی الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا فَتَمَسَّکُمُ النَّارُط} [ھود: ۱۱۳]، اس آیت میں رکون إلی الظالمین پر وعید ہے تو معلوم ہوا کہ رکون حرام ہے اور کسی کے ساتھ تشبہ جب کبھی پایا جاوے گا۔ رکون (یعنی میلان) کے ساتھ پایا جاوے گا، یعنی لازم ہے کہ اس کی طرف رکون ومیلان ہو اور رکون حرام ہے تو ثابت ہوا کہ تشبہ بھی حرام ہے۔نیک اولاد کی علامت : ارشاد: اولاد جبھی اچھی ہے جب کہ اولاد بن کر رہے اور اگر باپ بن کر رہنا چاہے تو کیا راحت ہے، اس لیے مجھ کو آج کل کی اولاد کو دیکھ کر اولاد کی تمنا نہیں ہوتی۔ابتدائی تعلیم کے ساتھ اخلاق کی نگرانی : ارشاد: ابتدائی تعلیم کے ساتھ طلبا کے اخلاق کی نگرانی بھی ضروری ہے، کیوں کہ بچپن میں جو خلق جم جاتا ہے وہ پختہ ہو جاتا ہے، پھر اس کا نکلنا دشوار ہو جاتا ہے۔تعصب اور تصلّب کا فرق : ارشاد: تعصب کے معنیٰ ہیں بے جا حمایت کے اور تصلّب کے معنی ہیں پختگی کے ساتھ