انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
ہدیہ قبول کرنے کے شرائط : فرمایا کہ میں مخالف سے ہدیہ قبول کرنے میں شرائط کی ضرورت نہیں سمجھتا، کیوں کہ اس میں کسی دھوکہ کا شبہ نہیں ہوتا، البتہ دوستوں سے ہدیہ لینے میں ہچرمچر کرتا ہوں، کیوں کہ ان میں احتمال دھوکہ کا ہے کہ شاید بزرگ سمجھ کر دیتے ہوں، اسی طرح ایسی جگہ بھی بدل لینے میں احتیاط کرتا ہوں جہاں ذلت کا شبہ ہوتا ہے، اسی طرح اجنبی شخص سے ہدیہ نہیں قبول کرتا کہ غیرت آتی ہے اور نہ اجنبی شخص سے خدمت لیتا ہوں، یہ خیال ہوتا ہے کہ میں نے اس کی کوئی خدمت ابھی تک تو کی نہیں، اس سے کیا خدمت لی جائے۔بدعت : فرمایا کہ بدعتی وہ ہے جس کے عقیدے میں خرابی ہو اور جس کے صرف عمل میں کوتاہی ہو، اس کو بدعتی نہ کہو۔عاجزی، انکساری کی ترغیب : فرمایا کہ ایک صاحب نے مجھ کو عربی میں خط لکھا، میں نے پوچھا کہ عربی میں خط کیوں لکھا جب کہ اُردو میں لکھ سکتے تھے؟ جواب میں لکھا کہ جنّتیوں کی زبان عربی ہی ہوگی، اس لیے برکت کے لیے عربی میں لکھا، کہ قسم کھا کر لکھو کہ اگر تم یہاں پر کبھی آئے تو کیا تم عربی میں گفتگو کروگے؟ اس لیے کہ جیسے عربی تحریر میں برکت ہے، ایسے ہی عربی تقریر میں بھی برکت ہے۔ اجی تفاخر، بڑائی اور اظہارِ علم وقابلیت کے سوا اور کچھ نہیں۔ عاجزی، انکساری، پستی اور شکستگی تو رہی ہی نہیں۔دیکھنے کی چیز در حقیقت قلب ہے : فرمایا: زیادہ ضرورت اس کی ہے کہ دل میں دین کی وقعت ہو، عظمت ہو، لوگ اعمال کو دیکھتے ہیں، مگر دیکھنے کی چیز درحقیقت قلب ہے کہ اس کے دل میں اللہ اور رسول کی محبت اور عظمت کس قدر ہے۔بے کاری میں شیطان قلب میں تصرّف کرتا ہے : فرمایا کہ میں تو اس کو پسند کرتا ہوں کہ ہر شخص کام میں لگے، چاہے وہ کام دین کا ہو یا دنیا کا، جو شخص مشغول ہوتا ہے، وہ بہت سی خرافات سے بچا رہتا ہے۔ ایک بزرگ اپنے خدام کے ساتھ جا رہے تھے، ایک شخص اور پربیٹھا ہوا تھا۔ بزرگ نے اس کو سلام نہیں کیا اور جب اسی راستہ سے لوٹے تو وہ شخص زمین کُرید رہا تھا۔ ان بزرگ نے اس کو سلام کیا، لوگوں نے دریافت کیا کہ حضرت اس میں کیا راز تھا کہ اس شخص کو آپ نے پہلے تو سلام نہیں کیا اور اب کیا؟ فرمایا کہ پہلے وہ بے کار بیٹھا تھا، اس لیے اس کے قلب میں شیطان تصرف کر رہا تھا اور اب مشغول ہے گو بیکار ہی فعل میں صحیح، جو معصیت بھی نہیں، اس لیے شیطان اس سے دُور ہے۔ہم لوگوں کے خواب أضغاث وأحلام ہیں : ایک سالک نے اپنا خواب لکھا۔ فرمایا کہ مجھ کو خواب کی تعبیر سے مناسبت نہیں اور اگر ہے بھی تو اکثر لوگوں کے خواب خواب نہیں ہوتے جن کی تعبیر دی جاوے، بعض پریشان خیالات کا نام خواب رکھا ہے، خواب تو ہوتے ہیں انبیا کے، صحابہؓ کے، اولیا کے، ہم جیسوں کے بھی کوئی خواب ہیں۔