انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
تحقیق : نفرت میں تفاوت ہونا کبر نہیں۔ نفرتِ اعتقادی تو دونوں جگہ یکساں ہے اور عبد اسی کا مامور ہے اور یہ تفاوت نفرتِ طبعی میں ہے، جیسے انسان کو اپنے پائخانہ سے نفرت کم ہوتی ہے اور دوسرے کے پائخانہ سے زیادہ ہوتی ہے، اور راز اس تفاوت کا فی المحبت ہے اور ظاہر ہے کہ انسان کو اپنے نفس سے زیادہ محبت ہوتی ہے بہ نسبت غیر کے اور یہی وجہ ہے کہ ماں کو اپنے بچے کے پائخانہ سے اتنی نفرت نہیں ہوتی جیسا غیر محبوب کے پائخانہ سے، تو اس کا کبر سے کوئی تعلق نہیں۔ہمیشہ رہنے کی چیز عقل اور ایمان ہے : تحقیق: کسی حالت کا طاری ہونا اور چندے جاری رہنا یہ بھی بہت غنیمت ہے، ورنہ ہمیشہ رہنے کی چیز تو عقل اور ایمان ہے باقی سب میں آمد رفت رہتی ہے۔خواب کو قرب یا بُعد میں دخل نہیں : تحقیق: خواب مؤثر تو ہوتا نہیں (کہ قرب یا بُعد میں اس کو دخل ہو) البتہ اگر واقعی خواب ہو تو اثر (یعنی کسی فعل نیک وبد کا) ہوسکتاہے اور ہم جیسوں کے خواب خواب ہی نہیں ہوتے۔ اس لیے نہ وہ مؤثر ہیں نہ اثر، اس لیے وہ اصلاً قابل التفات نہیں۔خوابات کا درجہ : تحقیق: خوابات حجتِ شرعیہ نہیں اور نہ قطعی ہیں جن کی بنا پر کسی سے مناظرہ کیا جائے، مگر رویائے صالحہ بنصِ حدیث مبشرات میں سے ہیں، جن کی خاصیت طبعاً تسلی وفرحت ہے (اور دلائلِ شرعیہ کے ساتھ موافق ہونے سے ان کے صدق کا پہلو راجح ہوجاتاہے)۔کسی کے انتقال پر ایک قطرۂ اشک نہ آنے کی وجہ : حال: بیوی کا انتقال ہوا لیکن مجھے باخدا ایک قطرۂ اشک کا نہ آیا، حالاں کہ سب اہل وعیال روتے تھے۔تحقیق : اس کی وجہ اختلاف ہے طبائع کا، بعض پر عقلیت کا رنگ طبیعت پر غالب ہوتاہے اس وقت ایسے آثار کم ہوتے ہیں اور یہ نقص کچھ نہیں، مطلوب بکاء قلب ہے نہ بکاء عین، ورنہ یہ ارشاد نہ ہوتا: فإن لم تبکوا فتباکوا۔ بلکہ تبکوا پر کوئی ملامت ہوتی۔تکرار سہو : حال: پنج وقتہ نماز میں بالخصوص فرض ووتر میں بہت سہو ہوتاہے، غرضیکہ ایک ایک نماز مکرر پڑھتاہوں، سجدئہ سہو کی تلافی سے بھی جی نہیں خوش ہوتا، اور نفس پر بھی گرانی ہوتی ہے۔تحقیق : معلوم ہوتاہے سہو سے حزن ہوتاہے اور حزن سے خوف اور وہم غالب ہوجاتاہے اور اس غلبہ سے سہو ہونے لگتا ہے۔ اس کی تدبیر یہ ہے کہ آپ محزون نہ ہوا کریں، بلکہ اپنے دل کو قوی اور بے فکر رکھیں کہ اگر سہو ہو بھی گیا تو مسائلِ فقہیہ کے موافق عمل کرنے سے نماز ٹھیک ہوجائے گی، پھر کاہے کا غم۔