انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
حضرات صوفیہ کا فہم سب سے بڑھا ہوا ہے : ارشاد: حضرات صوفیہ صاحب تقویٰ بھی ہیں۔ اور صاحبِ وہب بھی۔ اس لیے ان کا فہم دوسروں سے بڑھا ہواہے۔عطائی اور طبیب حاذق کا فرق : ارشاد: طبیبِ حاذق کے ہاتھ سے اگر کسی کو شفا نہ ہو اور مرجائے تو اس سے قیامت میں باز پرس نہ ہوگی، کیوں کہ وہ فن کو جان کر علاج کرتاہے، بخلاف عطائی کے کہ اس کے ہاتھ سے کسی کو شفا ہوگی جب بھی مواخذہ ہوگا۔ اور کوئی مرگیا تو اچھی طرح گردن ناپی جائے گی، کیوں کہ وہ فن سے واقف نہیں۔اہل اللہ بے حد شفیق ہوتے ہیں : ارشاد: اہل اللہ کو مسلمانوں پر بے حد شفقت اور مصالح کی بے حد رعایت ہوتی ہے۔شیخ کے سامنے اس طرح نہ کھڑا ہو اس پر سایہ پڑے : ارشاد: شیخ کے سامنے اس طرح نہ کھڑا ہو کہ اس پر سایہ پڑے، بات یہ ہے کہ اس سے بھی الجھن ہوتی ہے، پس اس کا منشا اذیت ہونے کی وجہ سے منع کیا گیا۔شیخ کی جائے نماز پر نماز پڑھنا بے ادبی ہے : ارشاد: اجازت کے بعد شیخ کی جگہ یا مصلی پر نماز پڑھنا اور ذکر کرنے کا مضایقہ نہیں۔ بغیر اجازت کے ایسا نہ کرنا چاہیے کیوں کہ ظاہراً دعوی مساوات کا ظاہر ہوتاہے، حضرت عبداللہ بن عمرؓ جو حضورﷺ کی جگہ نماز پڑھتے تھے اس کا منشا محض اتباع تھا نہ کہ دعوی مساوات، علاوہ اس کے ایک بات اور ہے کہ مبنی ادب کا عرف پر ہے اور تبدل عرفیات سے عرفیات کا حکم بدل جاتاہے تو صحابہ ؓ کے زمانے میں کسی کی جائے نماز پر نماز پڑھنا خلافِ ادب نہ تھا اور اب ہے۔ادب شیخ کی تحصیل کا طریقہ : ارشاد: ادب کا مدارس پر ہے کہ ایذا نہ ہو اس کلیہ کو تو ملحوظ رکھو یہ مقصود ہے باقی سب اس کے فروع ہیں جو کہ امورِ انتظامیہ میں سے ہیں اور وہ تبدل زمانہ سے بدلتے رہتے ہیں، جیسے انتظامِ اوقات کا معیار پہلے گھڑی گھنٹہ پر نہ تھا اور اب گھڑی گھنٹہ پر ہے یا سفر کا مدار پہلے اونٹ، بیل گھوڑے پر تھا۔ اور اب ریل اور مٹر پر۔ پس مشایخ میں اپنے ذوق سے کام لینا چاہیے کہ ان کو کس بات سے ایذا ہوتی ہے کس بات سے نہیں، یہ نہ کیا جائے کہ کتابوں سے آداب دیکھ کر عمل کرنے لگے کیوں کہ ہر جگہ ہر زمانہ میں امورِ ایذا بدلتے رہتے ہیں، نیز ادب میں غلو بھی نہ کرے کیوں کہ غلو سے بھی ایذا ہوتی ہے۔شیخ الطریق کی تقلید کی وجہ : ارشاد: امام ابوحنیفہ ؒ کی تقلید تو احکام میں کی جاتی ہے اور شیخِ طریق کی تقلید معالجات اور امورِ انتظامیہ میں کی جاتی ہے، اس لیے غیر مقلد شیخ حنفی کی تقلید سے مقلد نہ بن جائے گا۔