انفاس عیسی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
باب دوم: تحقیقات جو مشتمل ہے امور غیر اختیاریہ کی تحقیقات اور ان کے عجیب وغریب معالجات پر۔ باب سوم: تہذیبات جس کا حصہ اول متضمن ہے اخلاقِ رذیلہ کے ازالہ وتعدیل کے طریق کو اور حصہ دوم اخلاقِ حمیدہ کے تحصیل اور تکمیل کے طریق کو۔ باب چہارم: ارشادات جس میں ان علوم ومسائلِ متفرقہ کا بیان ہے جو یک گو نہ فن سلوک وتصوف میں بصیرتِ مزید پیدا کرتے ہیں۔ اس مجموعہ کو حضرت مولانا ومرشدنا ؒ دامت بر کاتہم نے پسند فرماکرا س کا نام ــــــــــ ’’انفاس عیسیٰ‘‘ تجویز فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس رسالہ کو سالیکن کے لیے نافع فرمادیں اور اس احقر کو اپنا قرب ورضا عطا فرمائیں۔وما توفیقی إلا باللّٰہ علیہ توکلت وإلیہ أنیب۔ المرقوم یکم ذی الحجہ ۱۳۵۱ ھ بسمہ مختصر سوانح جامع ومرتبِ ملفوظات (ازبندہ سراج الحق مچھلی شہری) جامعِ ملفوظات یعنی حضرت مرشدی ومولائی حاجی حافظ قاری سید شاہ محمد عیسیٰ صاحب ؒ حضرت حکیم الامت مولانا تھانوی قدس اللہ سرہٗ کے خلیفہ ارشد تھے، زہد وتقویٰ میں اپنے تمام پیر بھائیوں میں نہایت ممتاز اور مسلَّم درجہ رکھتے تھے۔ حضرت حکیم الامت مولانا تھانوی قدس سرہٗ اللہ تعالیٰ کے بندوں پر اللہ کے ایک انعامِ خاص اور ایک آفتاب تھے، ان کے سامنے یقینا کوئی عالم یا درویش چمک نہیں سکتا تھا، ورنہ میرا یقین ہے کہ اگر حضرت جامع ؒ کسی دوسرے زمانے میں ہوتے تو ان کی نمود قابلِ دید ہوتی اور بالیقین ایک عالَم کے مقتدا ہوتے حضرت حکیم الامت نے سب سے زیادہ تعداد میں طالبین آپ ہی کے سپرد کیے تھے۔