آفتاب نسبت مع اللہ |
س کتاب ک |
|
وزیر نے کہا اچھی بات ہے انٹر نیشنل الّو، بین الاقوامی ڈونکی اینڈ منکی، پتا چل جائے گا۔ اِدھر دشمن کی سی آئی ڈی نے خبر دی کہ اس قلعے کے اندر پانی نہیں ہے، کوئی کنواں نہیں ہے، تو دشمن نے دریاؤں کو باندھ لیا، پانچ دریاؤں کو مٹی سے پاٹ دیا، ایک آدھ ہفتہ پانی چلا پھر ختم، سب مرگئے، بادشاہ بھی مرگیا اور پورا بادشاہ کا خاندان پیاس سے مرگیا۔ صاحبِ قونیہ مولانا رومی فرماتے ہیں کہ اس سے سبق لو کہ تمہارے اندر بھی پانچ دریا ہیں جن سے تم مزہ لے رہے ہو، آنکھ کے دریا سے اپنے بیوی بچوں اور کالی گوری ٹیڈیوں کو دیکھ کر مزہ لیتے ہو۔ دوسرا دریا کان ہے جس سے سن کر کے تم خوش ہوتے ہو، جب آپ کا کیشیر کہتا ہے کہ آج ایک لاکھ پونڈ کا فائدہ ہوا ہے تو آپ کے کان خوش ہوجاتے ہیں۔ تیسرا دریا زبان ہے جس سے چکھ کر کباب اور پاپڑ کے مزے لوٹ رہے ہو۔ چوتھا دریا ناک ہے جس سے سونگھتے ہو۔ پانچواں دریا چھونے کا ہے، بچوں کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہو کہ میرے پیارے بچے ہیں، تو یہ پانچ دریا ہوگئے۔ جب موت کا وقت قریب آتا ہے تو اﷲ تعالیٰ پانچوں دریاؤں کو ختم کردیتے ہیں، موت کا فرشتہ پانچوں دریاؤں کو باندھ دیتا ہے، آنکھ ہے مگر دیکھ نہیں سکتا ؎ قضا کے سامنے بیکار ہوتے ہیں حواس اکبرؔ کھلی ہوتی ہیں گو آنکھیں مگر بینا نہیں ہوتیں موت کی بے ہوشی جب آتی ہے تو آنکھ کھلی رہتی ہے، بیوی کہتی ہے ارے میاں! مجھے دیکھو، بچہ کہتا ہے کہ ابا! مجھے دیکھو،لیکن ابا کو کچھ نظر نہیں آتا، زبان پر پاپڑ، کباب، کڑھی اور کھچڑی سب رکھ دو کچھ ذائقہ محسوس نہیں ہوتا۔ زبان ہے مگر چکھنے سے عاجز، آنکھ ہے مگر دیکھنے سے عاجز، کان ہے مگر سننے سے عاجز، ملازم آکر کہتا ہے کہ سیٹھ صاحب! دس کروڑ ڈالر کا نفع ہوا مگر سیٹھ صاحب کو کچھ سنائی نہیں دیتا، دنیا میں رہتے ہوئے دنیا میں نہیں رہتا، ڈاکٹروں کا بورڈ فیصلہ کرتا ہے کہ تمہارا مریض زندہ ہے مگر زندہ کیسا ہے؟ نہ آنکھ سے دیکھ سکتا ہے، نہ کان سے سن سکتا ہے، نہ زبان سے چکھ سکتا ہے، نہ ناک سے سونگھ سکتا ہے، نہ ہاتھ سے چھو سکتا ہے، جیسے پانچوں دریاؤں پر بند باندھنے سے قلعے میں بادشاہ مرگیا تھا اب پانچوں حواس پر موت کے فرشتے نے بند باندھ دیا، سیٹھ اپنی دولت کو دیکھ نہیں سکتا، بلڈنگ کو نہیں دیکھ سکتا، شامی کباب بریانی نہیں اُڑا سکتا، زندگی میں دنیا چھن جاتی ہے تو مرنے کے بعد کیا ساتھ دے گی؟ جو دنیا ہمارے لیے زندگی میں بے وفا ہے وہ مرنے کے بعد کیا ساتھ دے گی؟