آفتاب نسبت مع اللہ |
س کتاب ک |
|
لہٰذا دوستو! بہت دردِ دل سے کہتا ہوں کہ اپنی قیمت اپنے مکان کے شاندار ہونے سے مت لگاؤ، اپنی قیمت پاپڑ وبریانی، دہی کڑھی اور سموسے وغیرہ سے مت لگاؤ،اپنی قیمت مرسڈیز موٹر سے مت لگاؤ،اپنی قیمت ڈالر سے مت لگاؤ، بندے کی قیمت صرف اﷲ کی رضا سے ہے۔ علامہ سید سلیمان ندوی رحمۃ اﷲ علیہ فرماتے تھے کہ دنیا کے ٹھاٹ باٹ اور موٹر کار اور کاروبار اور بینک بیلنس سے اپنی قیمت لگانے والو !سنو ؎ ہم ایسے رہے یاں کہ ویسے رہے وہاں دیکھنا ہے کہ کیسے رہے وہاں قیامت کے دن معلوم ہوگا کہ آپ کتنے بڑے آدمی ہیں؟ جب جنازہ قبر میں اترتا ہے تو بتاؤ گھر کی دیسی مرغی جاتی ہے وہاں؟ روزانہ ایک پیالہ سوپ پینے والو ذرا سن لو! قبر میں دیسی مرغی کا سوپ وغیرہ کچھ نہیں جائے گا، وہاں خالی ہاتھ جانا پڑے گا، چند گز کفن ہوگا اور چھ مہینے کے بعد وہ کفن بھی نہیں رہے گا۔ شاعر کہتا ہے ؎ کئی بار ہم نےیہ دیکھا کہ جن کامعطرکفن تھا مُشَیَّن بدن تھا جوقبرِکہن ان کی اُکھڑی تودیکھا نہ عضوِبدن تھا نہ تارِکفن تھا چھ مہینے کے بعد جب بارش ہوئی اور قبر اکھڑ گئی تو کوئی انگلی بھی نہ تھی اور نہ کفن کا کوئی تار۔ اس بے کسی سے پہلے اﷲ کو اپنا یار بنالو، اﷲ سے پیار کرلو اور اﷲ کو حاصل کرلو تاکہ جب مرو اور مولیٰ کے پاس جاؤ تو مولیٰ کو لے کر جاؤ اور اﷲ سے کہو کہ میں اپنے وطن غریب ہوکر نہیں آیا ہوں، میں آپ کو ساتھ لایا ہوں، میں نے آپ ہی پر جان دی تھی، میں نے روزہ رکھا نماز پڑھی اور آپ کے عاشقوں سے آپ کی محبت سیکھی، یہ عشق ایسے ہی نہیں ملتا کسی عاشق کے ساتھ رہنا پڑتا ہے، عاشقی بھی سیکھنی پڑتی ہے۔نماز با جماعت کے وجوب کا راز بعض لوگ کہتے ہیں کہ کون جائے بزرگوں کے پاس، اور اکیلے عبادت کرتے رہتے ہیں۔ اﷲ تعالیٰ کو اپنے عاشقوں کی ملاقات اتنی زیادہ پیاری ہے کہ اس کو کمپلسری کردیا۔ کیسے؟ دلیل سنو! جماعت کی نماز واجب ہے یانہیں؟ اکیلے اکیلے رونے والو! اکیلے اﷲ کی یاد میں مشغول رہنے والو! جاؤ پانچوں وقت جماعت کی نماز میں میرے عاشقوں سے بھی ملو ورنہ تکبر آجائے گا، جو لوگ اکیلے اکیلے عبادت کرتے ہیں اکثر تکبر میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔اور جمعہ کے دن اور زیادہ عاشقوں سے ملو، عید بقرہ عید کو اور زیادہ عاشقوں سے ملو اور پھر حج وعمرہ میںانٹرنیشل عاشقوں سے ملو۔