آفتاب نسبت مع اللہ |
س کتاب ک |
|
بعد ایک دعا حکیم الامت رحمۃ اللہ علیہ اور کیا کرتے تھے ،وہ بھی آج سکھا رہا ہوں، اس کو بھی پڑھ لیا کرو: اَللّٰھُمَّ اجْعَلْ اَوَّلَ ھٰذَا النَّہَارِ صَلَاحًا وَّاَوْسَطَہٗ فَلَاحًا وَّاٰخِرَہٗ نَجَاحًا؎ اے اﷲ! دن کا حصہ جو شروع ہورہا ہے اس کو ہمارےلیے صالح بنا دے کہ ہم سے کوئی گناہ نہ ہو اور ہم صالح رہیں، ہمارے سب کام بن جائیں، اور دن کا درمیانی حصہ فلاح و کامیابی کا ذریعہ بن جائے، کیوں کہ آدمی درمیانی دن میں اہم کام کرتا ہے، اور جب شام ہوجائے تو ہم کامیاب ہوجائیں۔ تو حکیم الامت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جب میں یہ دعا پڑھتا ہوں تو دن بھر کے لیے بے فکر ہوجاتا ہوں۔ تو مجاہدے کی بات ہورہی تھی کہ میرے شیخ نے مجھے جون پور میں دِکھایا کہ رگڑی رگڑائی تلّی ہے اور اتنا رگڑا ہے کہ سب موٹے موٹے پردے ختم ہوگئے، تل کو خوب مجاہدہ کرادیا، اب گلاب کے پھول سے یہ تلّی خوشبودار ہوجائے گی ۔ جو لوگ مجاہدہ نہیں کرتے وہ شیخ سے فیض کو جذب کرنے سے محروم رہتے ہیں جیسے جب تل کو مجاہدہ کرایا، سب پردے رگڑ رگڑ کر اتار دیے اور اتنا ہلکا پردہ رہ گیا کہ میں نے خود آنکھوں سے دیکھا کہ تیل نظر آتا تھا، اب اگر اس کو گلاب کا تیل بناناہے توگلاب کے پھول میں رکھتے ہیں، اگر چنبیلی کا تیل بنانا ہے تو چنبیلی کا پھول رکھتے ہیں، جیسا پھول ہوگا ویسا تیل نکلے گا۔ اگر نبی ہے تو اس کی صحبت سے صحابی بنیں گے، اگر صحابی ہے تو تابعی بنیں گے، اگر تابعی ہے تو تبع تابعی بنیں گے اور اس کے بعد قیامت تک اولیاء اﷲ بنیں گے۔روغنِ نفس اور اس کا فائدہ تو میں نے اپنے بمبئی کے پیر بھائی حاجی اسماعیل صاحب سے کہا کہ تم تیل نکالتے ہو، تیل بناتے ہو تو تم نفس کا تیل نکالنا بھی سیکھ لو، اس کا نام ہے روغنِ نفس۔ تو انہوں نے پوچھا کہ ہم تِلّی کا تیل اور سرسوں کا تیل نکالتے ہیں تو اس سے کھاناپکتا ہے، روغنِ نفس سے کیا بنے گا؟ میں نے کہا: اس سے دل اﷲ والا بنے گا، نفس کا تیل نکال دو اور دل اﷲ والا بنا دو۔ نفس کی بُری خواہش کو اﷲ کے خوف کے کولہو میں پیس کر ان کا تیل نکال دو تو اس روغنِ نفس سےولی سازی ہوگی، اس سے اولیاء اﷲ بنیں گے، جس کو لگا دو وہ اﷲ والا بن جائے گا، مگر دل پیر سے لگانا پڑے گا۔ ------------------------------