آفتاب نسبت مع اللہ |
س کتاب ک |
|
رضائے مولیٰ جنت سے زیادہ لذیذ ہے دوستو! پھر کہتا ہوں کہ اﷲ تعالیٰ کو ایک لمحہ ناراض کرنا دوزخ سے زیادہ عظیم مصیبت ہے، بس یہ دو جملے یادکر لو، اﷲ تعالیٰ کو ناراض کر کے حرام لذت لینا دوزخ سے زیادہ خطرناک ہے اور اپنی بُری خواہش کا خون کر کے اﷲ تعالیٰ کو خوش کرلینا جنت سے زیادہ مزیدار ہے۔ گناہ سے بچنے میں جتنا شدید غم آئے یہاں تک کہ ہارٹ فیل ہونے کا اندیشہ بھی ہوجائے تو بھی تم ہارٹ فیل ہونا قبول کرلو، اﷲ پر مرجانا قبول کرلو لیکن اﷲ کو ناراض نہ کرنے کی عزت کو سر آنکھوں پر رکھ لو۔ ایک جملہ ہوگیا۔ دوسرا جملہ یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ کو خوش کرنا جنت سے زیادہ مزیدار نعمت سمجھو، دلیل کیا ہے: اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ رِضَاکَ وَالْجَنَّۃَ وَاَعُوْذُ بِکَ مِنْ سَخَطِکَ وَالنَّارِ؎ اس حدیث میں اﷲ کی رضا مقدم ہے اور جنت درجۂ ثانوی میں ہے کہ اے اﷲ! تیری ناراضگی سے پناہ چاہتا ہوں اور جہنم سے، تو نار بعد میں ہے، دوزخ کی آگ درجۂ ثانوی ہے یعنی دوزخ کی آگ سے بڑی آگ یہ ہے کہ اے اﷲ! آپ ناراض ہوجائیں۔ بس اﷲ تعالیٰ ایسا ایمان، ایسا یقین، ایسا خوف، اولیائے صدیقین کی خط انتہا کا ایسا ایمان ہم سب کو نصیب فرما دے اور ہمارے بال بچوں کو بھی اور ہمارے احبابِ غائبین، احبابِ حاضرین کو بھی، اے اﷲ! اپنی ذاتِ پاک پہ ہم سب کو مرنا اور جینا نصیب فرما، اپنی خوشیوں کے اعمال پر فدا ہونا اور اپنی ناراضگی اور گناہوں کی حرام لذت سے بچنے کا غم اٹھانے کا ہم سب کو خوگر بنا دے، ہماری عادتِ ثانیہ بنا دے بلکہ بجائے مجاہدے کے مزہ عطا فرما، یا اﷲ! جب ہم نظر حسینوں سے بچائیں تو ہمارے قلب میں حوروں سے زیادہ لذت ڈال دے اور اپنی رضا اور خوشیوں کی لہر دوڑا دے اور آپ کی خوشیوں کے اعمال پر ہر وقت ہماری جان اور ہماری ہر سانس فدا ہو اور اس فداکاری کا سارے عالم کو پتا بھی نہ چلے لیکن ہماری روح اندر اندر ہر لمحہ، ہر سانس آپ پر فدا ہوتی رہے اور اس کی توفیق کی بھیک آپ کے کرم سے اختر مانگتا ہے اور ہم ایک لمحہ بھی آپ کو ناراض کرکے حرام لذت کو اپنے اندر لاکر اپنی نالائقی سے اپنی روح کو آپ کی دوری کے عذاب سے معذّب نہ کریں، اے اﷲ! اسے قبول فرما لے، اختر مسافر ہے اور میرے کافی احباب بھی مسافر ہیں ۔ جو نہیں مانگا وہ بھی دے دیجیے، جتنی دعائیں ہیں سب کا نچوڑ مجھے اسی میں نظر آیا، سارے عالم کی دعاؤں سے بڑھ کر دعا یہ ہے کہ ہم آپ سے آپ کو مانگتے ہیں، جب آپ نہیں ملے تو کچھ نہیں ملا۔ ------------------------------