آفتاب نسبت مع اللہ |
س کتاب ک |
|
اس نے گھر جاکر کہا کہ حضرت کھانا مانگ رہے ہیں۔ اب بیوی بولی اے کہاں کے حضرت۔! رات دن ہمارے ساتھ رہتے ہیں، ہم تو انہیں حضرت نہیں سمجھتے، تم لوگ کیا حضرت حضرت کرتے ہو؟ حضرت کی حضرتی سے ہم خوب واقف ہیں۔ اب جناب کابلی پٹھان کو غصہ آگیا اور چاقو نکال لیا کہ میرے شیخ کی شان میں گستاخی کرتی ہو، ابھی پیٹ پھاڑ دیتا ہوں، لیکن جلد ہی عقل آگئی، پھر ہاتھ جوڑ کر کہنے لگا کہ تم میرا شیخ اور میرا پیر کا بیوی ہو، ہم سے جو گستاخی ہوئی ہم معافی مانگتا ہے، اگر پیر چھونا جائز ہوتا تو ہم پیر پکڑ لیتا، لیکن چوں کہ تم بی بی ہو اس لیے ہم پاؤں تو نہیں پکڑے گا، لیکن ہم دل سے معافی چاہتا ہے اور رونے لگا کہ یہ بات ہمارے شیخ سے نہ بتانا کہ آج تمہارا شاگرد نے چاقو نکال لیا تھا، ورنہ شیخ مدرسے ہی سے نکال دے گا۔ لیکن شیخ سے جا کر پوچھا کہ آپ اتنی کڑوی بولی والی عورت کو کیوں رکھتے ہو؟ تو حضرت مظہر جانِ جاناں نے فرمایا کہ بے وقوف! اسی بیوی کی کڑوی باتوں پر صبر کرنے سے اﷲ تعالیٰ نے آج سارے عالم میں مظہر جانِ جاناں کا ڈنکا پٹوا دیا۔ اﷲ تعالیٰ نے حضرت مظہر جانِ جاناں کو اتنی عزت دی کہ ان کے خلیفہ شاہ غلام علی صاحب کے ہاتھ پر مولانا خالد کُردی شام سے دہلی آکر بیعت ہوئے، اور پیر کا اتنا ادب کیا کہ شاہ ولی اﷲ کے بیٹے شاہ عبدالعزیز دہلوی ان سے ملاقات کے لیے گئے، تو مولانا خالد کردی نے ملاقات نہیں کی اور خانقاہ کے اندر سے پرچہ بھیجا کہ میں آج کل اپنے پیر کے پاس چلّہ لگا رہا ہوں، میں اس دوران کسی سے نہیں ملوں گا، چاہے وہ کتنا ہی بڑا عالم شیخ ہو، اپنے پیر ہی کو دیکھوں گا، چالیس دن پورے کرنے کے بعد اپنے نفس کو مٹاکر میں خود آپ کی غلامی اور آپ کی خدمت میں حاضرہوجاؤں گا۔ مظہر جانِ جاناں کے سلسلے کی برکت دیکھیے کہ علامہ آلوسی السید محمود بغدادی تفسیر روح المعانی والے مولانا شاہ خالد کُردی سے بیعت ہوئے جو حضرت مظہر جانِ جاناں کے خلیفہ شاہ غلام علی صاحب کے خلیفہ تھے، تو اﷲ نے ان کے سلسلے میں بہت برکت دی اور سارے عالم میں ان کا ڈنکا پٹوا دیا۔ آج مولوی کہتے ہیں کہ کیا ضرورت ہے مرید ہونے کی؟ علامہ آلوسی صاحبِ تفسیر روح المعانی کیا معمولی عالم تھے؟ روح المعانی اتنی بڑی تفسیر ہے کہ دنیا میں اس کی مثال نہیں۔ علامہ انور شاہ کشمیری رحمۃ اﷲ علیہ فرماتے تھے کہ عربی زبان میں تفسیر روح المعانی کے مقابلے میں کوئی تفسیر نہیں ہے۔ تو یہ مفسرِ عظیم مرید ہوا حضرت علامہ شاہ خالد کُردی سے جو ملک شام میں رہتے تھے۔ اور علامہ شامی کتنے بڑے شخص ہیں، وہ بھی شام جا کر مولانا خالد کُردی سے مرید ہوئے۔