آفتاب نسبت مع اللہ |
س کتاب ک |
|
یااﷲ! آپ کا نام بہت بڑا نام ہے، آپ کا نام جتنا بڑا ہے اتنی مہربانی رحمت ہم سب پر نازل فرمائیے اور ہماری اولاد پر اور جو میرے دوست یہاں نہیں ہیں ان پر بھی اور ان کی اولاد پر بھی اور اپنے نام کی برکت سے ہمارے تمام نیک ارادوں میں ہم سب کو بامراد فرما ئیے او رہم سب کو اﷲ والا بنا دیجیے اور گناہ سے بچنے کی توفیق دےدیجیے۔ یا اﷲ! ایسی محبت، ایسا ایمان ہم سب کو دے دے کہ ایک لمحہ آپ کو ناراض کر کے نمک حرامی نہ کریں۔ اﷲ حرام لذت سے قلب کو سخت نفرت، کراہیت اور اپنی خاص حفاظت نصیب فرما دے اور ہم سب کو اولیائے صدیقین کی خط انتہا تک پہنچا دے اور ہماری اولاد کو اور ہمارے دوستوں کو، حاضرین اور غائبین سب کو یا اﷲ! اﷲ والا بنا دے، نفس اور شیطان کی غلامی سے ہم سب کو چھڑا دے۔ اے اﷲ! آپ کانام بہت بڑا نام ہے، جتنا بڑا نام ہے ہم سب پہ اپنی اتنی مہربانیاں فرما دے اور ہمارے تمام نیک ارادوں میں بامراد فرما۔ یااﷲ! ہر گناہ درگزر فرما، جب سے ہم بالغ ہوئے ہیں آج تک جتنی بھی حرام لذتیں ہمارے نفس نے چرائی ہیں اے اﷲ اپنی رحمت سے سب معاف فرما دے اور توفیق نصیب فرما کہ ہم لوگ کسی حرام لذت سے آپ کو ناراض کرکے اپنے دل میں حرام مزے نہ اڑائیں، اس چوری اور کمینے پن و بے غیرتی سے ہم سب کو پاک فرما دے۔ یااﷲ! ہم سب کو وفاداری عطا فرما، یااﷲ! ہم سب کو شرافت بندگی نصیب فرما، یا اﷲ! ہم سب کو لائق اور نیک بندوں میں شامل فرما اور ہماری دنیا بھی بنا دے اور آخرت بھی بنا دے اور یا اﷲ! کینسر اور گردے بے کار ہونے سے اور تمام خطرناک بیماریوں سے ہم سب کو بچا۔ ہمارے درمیان میں ایک بچہ ہے جس کو کینسر ہے، اﷲ اس کو شفا دے دے اور اس کا کینسر اچھا کردے۔ یا اﷲ! ہم سب کو اﷲ والی زندگی نصیب فرما دے۔ سمندر آپ کی اتنی بڑی نشانی ہے، اتنا پانی کون پیدا کرسکتا ہے بجز آپ کے، اےاﷲ! اپنی عظمتِ خلّاقیت کے صدقے ہم سب کی تمام عمر بھر کی دعاؤں کو قبول فرما اور تمام گناہوں کو معاف فرمادے اور ہم سب کو اپنے دوستوں کی اور اولیاء اﷲ کی زندگی نصیب فرما اور خاتمہ ایمان پر نصیب فرما، کسی کا محتاج نہ فرما، اے اﷲ! ہمارے دشمنوں کو جو نادانی سے حسد کرتے ہیں مغلوب اور بے ضرر فرما دے اور اپنی رحمت سے سارے دشمنوں کو یا اﷲ بھگا دے، اے اﷲ! اپنی رحمت سے ہم سب کو وہ تمام نعمتیں عطا فرما جو آپ اپنے پیاروں کو دیتے ہیں۔ یا اﷲ! ہماری صورت کو اور سیرت کو اپنے پیار اور فضل اور اپنی رحمت اور کرم کے قابل بنا دے۔ یا اﷲ! جو مانگا ہے وہ بھی دے دے، جو نہیں مانگا بغیر مانگے دونوں جہاں ہم سب کو نصیب فرما دے، آمین۔ وَصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہٖ سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ بِرَحْمَتِکَ یَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ