آفتاب نسبت مع اللہ |
س کتاب ک |
|
اﷲ کی قدرت ہے۔ جو اﷲ ایساکلام نازل کر سکتا ہے وہ اس کی حفاظت پر بھی قادر ہے۔ قرآن سے پتلی کتاب یا اخبار ذرا ہمیں کوئی یاد کرکے سنائے اور کہیں غلطی نہ ہو، یہ قرآنِ پاک ہی کا معجزہ ہے کہ زبر زیر کی غلطی کے بغیر انسان پورے تیس پارے حفظ کرلیتا ہے، اس لیے کوئی کافر قرآن کا حافظ نہیں ہوسکتا۔ تفسیر بتا رہی ہے کہ فِیْ قُلُوْبِ اَوْلِیَائِہٖاﷲ تعالیٰ اپنے دوستوں کے قلب میں قرآنِ پاک کو محفوظ کرتا ہے، اس لیے اﷲ کا دشمن کا فر کبھی حافظ قرآن نہیں ہوسکتا۔ ہمیں دکھا دو دنیا میں کوئی ایک کافر بھی قرآنِ پاک کا حافظ ہوا ہو۔ جب دنیا وی حکومتیں اپنے سرکاری راز کو حفاظت سے رکھتی ہیں، تو جہاں دین کے سرکاری مدارس قائم ہوتے ہیں خدائے تعالیٰ اس بستی کی طاعون، کالرا اور دیگر خطرناک بیماریوں سے حفاظت کرتا ہے اور جو قرآنِ پاک پڑھاتا ہے اﷲ اس کی روزی میں برکت ڈالتا ہے، اکثر حافظ قرآن کو دیکھتا ہوں کہ عمرہ کرنے جارہے ہیں، یہ پیسہ کہاں سے آگیا؟ ہمارے یہاں ایک حافظ کو شیطان نے دھوکا دیا۔ ایک آدمی نے اس سے کہا کہ تم قرآنِ پاک پڑھانا چھوڑ دو، تین ہزار پاکستا نی روپے مل رہے ہیں، میں تمہیں تین بھینسیں دیتا ہوں، اس کا دودھ بیچو تم کو تین گنا زیادہ روپیہ ملے گا۔ وہ بے چارہ اﷲ والوں کا صحبت یافتہ نہیں تھا اس لیے اس کا ایمان کچا تھا، لہٰذا اس کے چکر میں آگیا اور تین بھینسیں لے کر مجھے خوش خبری سنائی کہ اب میں بارہ ہزار کماؤں گا، دو مہینے کے بعد ایک بھینس مرگئی، پھردو مہینے کے بعد دوسری مرگئی، پھر دو مہینے کے بعد جب تیسری بھینس بھی مرگئی تو روتے ہوئے آئے اور کہا کہ مجھے پھر نوکری دلا دو، میں قرآن پاک پڑھاؤں گا کیوں کہ میں نے دیکھ لیا کہ بھینس کے کام میں سرکار کی طرف سے کچھ ناراضگی معلوم ہوتی ہے۔ دیکھو! بفیلو سے کام نہیں چلتا، امریکا میں ایک جگہ کا نام بھی بفیلو ہے۔ اسی طرح امریکا میں ایک جگہ کا نام ڈیٹورائٹ ہے۔ ڈیٹورائٹ امریکا میں میں نے ایک تقریر کی، ایک شخص اس تقریر کی کیسٹ سن کر مجھ سے ملنے کراچی آیا اور کہا کہ میں چند الفاظ سن کر مست ہوگیا اور آپ کو دیکھنے آیا ہوں، میں نے پوچھا کہ کیا بات پسند آگئی؟ اس نے کہا آپ نے ڈیٹورائٹ میں تقریر کی کہ اے پاکستان اور ہندوستان کے طالبِ علمو!مسلمانو! تم اپنی جوانی میں تعلیم حاصل کرنے ڈیٹورائٹ آئے ہو، لیکن یاد رکھو! اگر اﷲ کو بھلا دیا، نماز روزہ نہیں کیا اور دنیا میں پھنس گئے تو تمہاری ڈیٹ رائٹ نہیں ہوسکتی، ڈیٹ رائٹ اس کی ہوگی جو اپنے اﷲ پر فدا ہوگا، اپنے پیدا کرنے والے کو خوش کرتا ہے، اگر تم نے اﷲ کو راضی نہیں کیا، نماز روزہ نہیں کیا، ہر وقت بس دنیا کے چکر میں لگ گئے تو کیا ہوگا؟ اب سنو وہ جملہ جس کی وجہ سے وہ مجھ کو دیکھنے کے لیے امریکا سے میرے پاس آیا۔