محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
کتاب الأکل والشرب ٭…کھانے پینے کے مسائل…٭ کوکا کولا(Coca Cola) اور فنٹا(Fanta)کا استعمال مسئلہ(۵۷۵):ہمارے ملک میں کوکا کولا (Coca Cola)،فَنٹا (Fanta) اور ان کے مانند دیگر مشروبات بکثرت مستعمل ہیں، اور بالتحقیق یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ان مشروبات میں الکحل ملا ہوا ہوتا ہے، تو اب اس صورت میں یہ دیکھا جائے کہ اگر عصیر العنب اور عصیر الرطب سے بنایا گیا الکحل مشروبات کی اِن بوتلوں میں ڈالا جاتا ہے، تو اُن کا پینا درست نہیںہوگا، اور اگر ان کے علاوہ کسی اور پاک چیز کی شراب، مثلاً مکئی، جوار، بیر، آلو، چاول یا پیٹرول وغیرہ سے بناہوا الکحل ڈالا جاتا ہے، تو ان کا استعمال جائز ہے۔ فقیہ العصر حضرت مولانا رشید احمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنی کتاب ’’احسن الفتاویٰ‘‘ میں تحریر فرماتے ہیں: ’’تحقیق سے ثابت ہوا کہ اشربہ وادویہ میں عصیر العنب یا عصیر الرطب نہیں ڈالا جاتا ہے۔‘‘ اسی طرح فقیہ العصر حضرت مولانا مفتی محمد تقی صاحب عثمانی دامت برکاتہم کی تحقیق بھی یہی ہے کہ’’ آج کل الکحل کے لیے انگور اور کھجور استعمال نہیں کی جاتی، لہٰذا شیخین رحمہما اللہ تعالیٰ کے قول پر فتویٰ دیتے ہوئے مذکورہ مشروبات کا استعمال جائز ہوگا۔‘‘(۱) البتہ اس طرح کے مشروبات سے متعلق مختلف ذرائعِ ابلاغ کے ذریعے، بہت سی منفی باتیں علم میں آچکی ہیں، اس لیے انہیں استعمال نہ کرنا ہی بہتر ہے۔