محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
ابتدائیہ مفتی محمد جعفر ملی رحمانی صدر دارالافتاء جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم، اکل کوا الحمد للہ رب العالمین والصلوۃ والسلام علی رسولہ الکریم ، اما بعد! زیرنظر کتاب ’’ محقق ومدلل جدید مسائل ‘‘ جلد دوم، اسی سلسلہ کی دوسری اہم کڑی ہے، جسے جامعہ نے قیام دارالافتاء کے روزِ اول سے شروع کر رکھا ہے، پہلی جلد …ایمان وعقائد، بدعات ورسومات، طہارت ، تیمم، اذان، جمعہ، امامت، سجدۂ تلاوت، قبلہ ، زکوۃ،روزہ، اعتکاف ، نکاح ، معاملات، شیئرز، سود، اجارہ، مباح وممنوع ، موبائل، لباس اور زیب وزینت وغیرہ سے متعلق (۴۵۲) جدید مسائل پر مشتمل تھی، اب یہ دوسری جلد بھی -ایمان وعقائد ، قرآنیات، طہارت، نماز، جنائز، مساجد، زکوۃ وصدقۂ فطر ، روزہ، حج، قربانی، نکاح، طلاق، معاملات(بیع، سود، انشورنس، اجارہ، شرکت، غصب ولقطہ وغیرہ)، لباس اورزیب زینت، مباح وممنوع، طب اور تفریحی امور … وغیرہ سے متعلق چھ سو ستر(۶۷۰) جدید مسائل پر مشتمل ہے۔ میں دعا گو ہوں طلبۂ سال دوم وسوم کے لیے، جنہوں نے بوقت تمرین ان مسائل کی تحقیق وتخریج میں بڑی جانفشانی سے کام کیا، اللہ تعالیٰ انہیں تفقہ فی الدین کی دولت سے مالا مال فرمائے! اسی طرح میں مشکور ہوں اپنے معاونین مفتی عبد المتین، مفتی افضل، مفتی مجیب الرحمن صاحبان کا جنہوں نے ان مسائل کی مراجعت ،کمپوزنگ وپروف ریڈنگ میں بڑی محنت فرمائی۔ اہل علم سے درخواست ہے کہ اگر تصویر مسئلہ وتطبیق عبارات میں کچھ خلل ہو، تو صحیح تصویر مسئلہ وتطبیقِ عبارت سے احقر کو مطلع فرمائیں،یہ ان کا احسان عظیم ہوگا۔ ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم !! مؤلف-: ۲۵؍۴؍۱۴۳۶ھ۔۱۵؍۲؍ ۲۰۱۵ء