محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
تقریظ رئیس جامعہ حضرت مولانا غلام محمدصاحب وستانوی دامت برکاتہم مسلمان احکام الٰہی کا پابندہے، اپنے آپ کو پابند سمجھتا ہے اور سمجھنا بھی چاہیے، اور اس کا کوئی کام شریعت کے خلاف نہیں ہونا چاہیے،جیسا کہ فقہ کا قاعدہ ہے: ’’ لا یجوز لمسلم أن یتصرف أو یفعل فعلا إلا بعد معرفۃ حکم اللہ فیہ ‘‘ ۔ (موسوعۃ القواعد الفقہیۃ:۸/۱۵) عامۃ المسلمین کو در پیش مسائل مہمہ کے حل کی طرف ہر زمانے کے علماء نے خصوصی توجہ دی، جو ان کی ذمہ داری ہے، اور انہوں نے اپنی اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کی کوشش کی، کررہے ہیں، اور کرتے رہیں گے، کیوں کہ یہ دین قیامت تک کے لیے ہے ، اور اس میں ہر زمانے میں پیدا ہونے والے مسائل کا حل موجود ہے، حالات بدلتے رہے، بدل رہے ہیں، اور بدلتے رہیں گے، اور تبدیلی ٔحالات کے ساتھ ساتھ نت نئے مسائل کا پیدا ہونا جہاں امرطبعی ہے ، وہیں ان کا حل پیش کرنا بھی امر ضروری ہے ۔ کتاب ’’محقق ومدلل جدید مسائل ‘‘ جلد دوم چھ سو ستر (۶۷۰)عوام کو درپیش مسائل کا مجموعہ ہے ، جن کو عزیزم مولانا حذیفہ سلمہ اور مفتی محمد جعفر صاحب ملی رحمانی نے منتخب ومرتب کرکے طلباء دار الافتاء سے تخریج وتحقیق کا کام کرواکر انہیں مسائل کا ایک مستند مجموعہ بنادیا۔ اللہ اسے قبول فرمالے! اب جامعہ ان مسائل کو شائع کرنے کی سعادت حاصل کررہا ہے ، دعا کرتا ہوں اللہ تعالیٰ ہماری تمام نیک کاوشوں کو شرف قبولیت سے نواز کر اپنی رضا نصیب فرمائے ۔فقط (مولانا) غلام محمد وستانوی ۲۵؍۴؍۱۴۳۶ھ ۔۱۵؍۲؍۲۰۱۵ء