تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حسن اختتام اور دعوت عمل الحمد للہ ثم الحمد للہ یہ کتاب جلد ختم ہوئی، اللہ جل شانہٗ، سے دعا ہے کہ اس کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں میں اس کی مقبولیت اور نفع عام و تام فرمائے، جن حضرات تک یہ کتاب پہنچے ان سب سے خصوصاً خواتین اسلام سے درخواست ہے کہ کتاب کو صرف الماری کی زینت نہ بنائیں، بلکہ اس کو بار بار پڑھیں اور روزانہ آپس میں مل کر بیٹھا کریں، اور اس کتاب کو سنیں، بچوں کو بھی ساتھ لے کر بیٹھیں، اور خاص طور پر انھیں کتاب کے مضامین سمجھائیں، پھر دوسرے دن پوچھیں، کہ کل کیا بیان گزرا تھا۔ بلکہ سبقاً سبقاً پوری کتاب گھر میں سب کو پڑھائیں اور اس کے مضامین یاد کرادیں اور عمل کرنے اور عمل کرانے کی کوشش کریں، البتہ کتاب الطہارت کے جو مسائل بچوں کے سامنے ذکر کرنے کے نہیں ہیں وہ ان کے سامنے نہ پڑھیں۔ آج کل علم کا ذوق ہے، جو کتاب چھپتی ہے ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوجاتی ہے، لیکن یہ سب کے مطالعہ اور مذاکرہ کی حد تک ہے، عمل کے لیے اپنے نفسوں کو آمادہ نہیں کرتے، جانتے بوجھتے ہوئے اسلامی احکام وآداب پر عمل کرنے سے بچتے ہیں اور معاشرہ میں جو طرز زندگی عام ہوگیا ہے اسی کی طرف لپکتے ہیں، سب کو معلوم ہے کہ یہ دنیا چند روزہ ہے اور آخرت ابدی اور دائمی ہے، اور اسلامی احکام و اعمال پر عمل کرنا دوزخ سے بچانے اور جنت دلانے کا ذریعہ ہے۔ اس کے باوجود نفس و طبیعت اور شیطان کی فرما نبردا ری کرتے ہیں، اور اللہ تعالیٰ اوراس کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی فرمانبرداری سے منہ موڑتے ہیں، یہ صورت حال اہل ایمان کے لیے بہت افسوس ناک ہے، ہمت کر کے نفس اور شیطان کے پھندوں سے آزاد ہوں اور قرآن و احادیث کو اپنا رہبر بنائیں، علماء حق کی کتابوں کا مطالعہ اور مذاکرہ کرتے رہیں۔ جو لوگ پنشنر ہیں، ریٹائرڈ ہو کر گھر بیٹھے ہیں، اسی طرح وہ حضرات جو تجارت و زراعت سے فارغ ہیں، جن کی اولاد کسب معاش کی ذمہ دار بن چکی ہیں ان سے گزارش ہے کہ اپنی باقی زندگی کو برباد نہ کریں، یہ فرصت و فر اغت کے چند سال جو نصیب ہوئے ہیں ان میں آخرت کے لیے دوڑ دھوپ کر لیں، اسی طرح وہ خواتین جو دنیا سے فارغ ہوچکی ہیں جنھیں پوتا پوتی، نواسہ نواسی کھلانے کے سوا کچھ کام نہیں رہا، اپنی باقی عمر کی قدر کریں اور آخرت کی طرف بڑھیں، سب حضرات سچے دل سے توبہ کریں، اور توبہ کا طریقہ اور توبہ کی حقیقت اور استغفار کے فضائل و فوائد جو ابھی ابھی اس کتاب میں گزرے ہیں ان کے مطابق عمل کریں، پرانی قضا نمازیں تھوڑی تھوڑی کر کے سب پڑھیں، روزے، حج، زکوٰۃ وغیرہ میں جو کچھ ذمہ میں ہو ان سب کی ادائیگی کریں۔