تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
میں موجود ہیں)۔ فجر کے فرضوں سے پہلے جو سنتیں ہیں سب موکدہ سنتوں سے بڑھ کر ان کی تاکید وارد ہوئی، حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ حضور اقدسﷺ غیر فرض نمازوں میں سب سے زیادہ پابندی فجر کی دو سنتوں کی کرتے تھے۔ (بخاری و مسلم) ان دو سنتوں کی فضیلت بھی بہت زیادہ ہے۔ فرمایا سرور دو عالمﷺ نے رَکْعَتَا الْفَجَرِ خَیْرً مِّنَ الدُّنْیَا وَمَا فِیْھَا۔ یعنی فجر کی دو رکعتیں ساری دنیا سے اور دنیا میں جو کچھ ہے اس سب سے بہتر ہیں۔ (مسلم شریف) حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ حضور اقدسﷺ ظہر سے پہلے چار رکعتیں اور فجرسے پہلے دو رکعتیں کسی حال میں نہیں چھوڑتے تھے۔ (مسند امام احمد) فائدہ: فجر کی سنتوں میں پہلی رکعت میں قُلْ یٰٓـاَیُّہَا الْکٰفِرُوْنَ اور دوسری رکعت میں قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدْ پڑھنا سنت ہے۔ (ترمذی شریف)غیر موکدہ سنتیں اور دیگر نوافل : موکدہ سنتوں کے علاوہ غیر موکدہ سنتوں اور نفل نمازوں کا بھی اہتمام کرنا چاہیے۔ بات یہ ہے کہ انسان دنیا میں جو کچھ کرلے گا آخرت میں اس کا پھل پالے گا۔ آخرت کی تجارت میں نقصان کا کوئی خطرہ ہی نہیں، جہاں تک ممکن ہو نفل نمازوں میں بھی کوتاہی نہ کی جائے۔ حضو ر اقدسﷺ نے فرمایا کہ قیامت کے دن بندہ کے اعمال میں سب سے پہلے نماز کا حساب ہوگا۔ اگر نماز ٹھیک نکلی تو کامیاب اور بامراد ہوگا اور اگر نماز خراب نکلی تو ثواب سے محروم ہوگا اور نقصان اٹھائے گا، اگر فرضوں میں کچھ کمی نکلی تو اللہ تعالیٰ فرمائیں گے (دیکھو)کیا میرے بندہ کی کچھ غیر فرض نمازیں بھی ہیں، اگر غیر فرض نمازیں بھی ہوں گی تو ان کے ذریعے فرضوں کی کمی پوری کردی جائے گی۔ پھر دیگر اعمال (روزہ، زکوٰۃ وغیرہ)کا حساب بھی اسی طرح ہوگا۔ (یعنی نوافل سے فرائض کی تکمیل کی جائے گی)۔ (مشکوٰۃ شریف) اللہ اکبر! کیا ٹھکانا ہے اللہ تعالیٰ کی عنایت کا کہ فرائض کی کوتاہی کو غیر فرض سے پورا فرمادیں گے، اب بندوں کی سمجھ داری ہے کہ سنتوں اور نفلوں کو معمولی نہ سمجھیں۔ فرض کے آگے پیچھے جو موکدہ و غیر موکدہ سنتیں ہیں ان کا اور نوافل کا خاص خیال رکھیں۔ یعنی برابر پڑھتے رہیں تاکہ آخرت کے بلند درجات نصیب ہوں اور فرضوں کی کمی بھی پوری ہوسکے۔ نفل نماز اور غیر موکدہ سنتوں کے چھوڑنے پر عذاب کی وعید تو نہیں ہے لیکن ان کا نفع بہت زیادہ ہے۔ اس سے محروم ہوجانا بڑی ناسمجھی ہے۔ ہر شخص اپنی آخرت کی خود فکر کرے۔ نفل نمازیں جس قدر بھی پڑھے بہتر ہے۔ لیکن چاشت، اشراق اور اوابین اور تہجد پڑھنا بہت ہی زیادہ نفع کی چیز ہے، ان نمازوں کے فضائل ان شاء اللہ آئندہ حدیث کے ذیل میں لکھے جائیں گے۔