تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
روزہ جسم کی زکوٰۃ ہے : حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ فرمایا خاتم الانبیاءﷺ نے کہ ہر چیز کی زکوٰۃ ہوتی ہے اور جسم کی زکوٰۃ روزہ ہے۔ (ابن ماجہ عن ابی ہریرہ ؓ)سردی میں روزہ : حضرت عامر بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ فرمایا سرور عالم W نے کہ موسم بہار میں روزہ رکھنا مفت کا ثواب ہے۔ (ترمذی) مفت کا ثواب اس لیے فرمایا کہ اس میں پیاس نہیں لگتی اور دن بھی چھوٹا ہوتا ہے۔جنابت روزہ کے منافی نہیں : فرمایا حضرت عائشہ ؓ نے کہ رمضان المبارک میں حضور اقدسﷺ کو بحالت جنابت صبح ہوجاتی تھی، اور یہ جنابت احتلام کی نہیں (بلکہ بیویوں کے ساتھ مباشرت کرنے کی وجہ سے ہوتی تھی) پھر آپ غسل فرما کر روزہ رکھتے تھے۔ (بخاری و مسلم) مطلب یہ ہے کہ صبح صادق سے قبل غسل نہیں فرمایا اور روزہ کی نیت فرمالی، پھر طلوع آفتاب سے قبل غسل فرما کر نماز پڑھ لی، اس طرح سے روزہ کا کچھ حصہ حالت جنابت میں گزرا، اس لیے کہ روزہ بالکل ابتدا صبح صادق سے شروع ہوجاتا ہے، اس طرح اگر روزہ میں احتلام ہوجائے تو بھی روزہ فاسد نہیں ہوتا کیوں کہ جنابت روزہ کے منافی نہیں ہے۔روزہ میں مسواک : فرمایا حضرت عامر بن ربیعہ ؓ نے کہ میں نے رسول خداﷺ کو بحالت روزہ اتنی بار مسواک کرتے ہوئے دیکھا ہے جس کا میں شمار نہیں کرسکتا۔ (ترمذی) مسواک تر ہو یا خشک، روزہ میں ہر وقت کرسکتے ہیں، البتہ منجن، ٹوتھ پاؤڈر، ٹوتھ پیسٹ یا کوئلہ وغیرہ سے روزہ میں دانت صاف کرنا مکروہ ہے۔روزہ میں سرمہ : حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے عرض کیا یارسول اللہﷺ میری آنکھ میں تکلیف ہے، کیا میں روزہ میں سرمہ لگالوں، فرمایا، لگالو۔ (ترمذی)