تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
مجلس سے اٹھنے سے پہلے یہ پڑھے : سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَبِحَمْدِکَ اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ اَسْتَغْفِرُکَ وَاَتُوْبُ اِلَیْکَ۔ اے اللہ تو پاک ہے اور میں تیری حمد بیان کرتا ہوں، میں گواہی دیتا ہوُں کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں ہے۔ میں تجھ سے معافی چاہتا ہو ں اور تیرے حضور میں توبہ کرتا ہوں۔ اگر مجلس میں اچھی باتیں کی ہوں گی تو یہ کلمات ان پر مہر بن جائیں گے اور اگر فضول اور لغو باتیں کی ہوں گی تو یہ کلمات ان کا کفارہ بن جائیں گے۔ (ابوداؤد وغیرہ) بعض روایات میں ہے کہ ان کلمات کو تین بار کہے۔ (ترغیب)جب کوئی پریشان ہو تو یہ دعا پڑھے : اَللّٰھُمَّ رَحْمَتَکَ اَرْجُوْ فَلَا تِکِلْنِیْ اِلٰی نَفْسِیْ طَرْفَۃَ عَیْنٍ وَّاصْلِحْ لِیْ شَانِیْ کُلَّہٗ لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ۔ (حصن) اے اللہ میں تیری رحمت کی امید کرتا ہوں، تو مجھے پل بھر بھی میرے سپرد نہ فرما اور میرا سارا حال درست فرمادے، تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔ یا یہ پڑھے: {حَسْبُنَا اللّٰہُ وَنِعْمَ الْوَکِیْلُo}1 (1 آل عمران: ۱۷۳ ’’اللہ ہمیں کافی ہے او روہ بہتر کارساز ہے۔ ‘‘ یا یہ پڑھے: اَللّٰہُ رَبِّیْ لَآاُشْرِکُ بِہٖ شَیْئًا۔ (حصن) اللہ میرا رب ہے، میں اس کے ساتھ کسی بھی چیز کو شریک نہیں بناتا۔ یا یہ پڑھے: یَاحَیُّ یَا قَیُّوْمُ بِرَحْمَتِکَ اَسْتَغِیْثُ۔ (مستدرک حاکم) اے زندہ اور اے قائم رکھنے والے، میں تیری رحمت کے واسطہ سے فریاد کرتا ہوں۔ یا یہ پڑھے: لَآ اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ سُبْحَانَکَ اِنِّیْ کُنْتُ مِنَ الظَّلِمِیْنِ۔ اے اللہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں، تو پاک ہے، بے شک میں (گناہ کرکے) اپنی جان پر ظلم کرنے والوں میں سے ہوں۔ قرآن مجید میں ہے کہ ان الفاظ کے ذریعے حضرت یونس علیٰ نبینا وعلیہ الصلوٰۃ والسلام نے مچھلی کے پیٹ میں اللہ کو پکارا تھا۔ (سورۃ الانبیاء: ع ۶) اور حدیث شریف میں ہے کہ حضرت رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب کبھی کوئی مسلمان ان الفاظ کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے دعا کرے تو اللہ تعالیٰ ضرور اس کی دعا قبول فرمائیں گے۔ (ترمذی)