تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
تمہارے آپس میں سلام کی تکمیل یہ ہے کہ مصافحہ کرلیا جائے۔ (احمد) جب دو مسلمان ملاقات کے وقت آپس میں مصافحہ کریں تو جدا ہونے سے پہلے ضرور ان کی بخشش کردی جاتی ہے۔ (ترمذی)مجلس کے آداب : فرمایا معلم انسانیت سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ: مجلسیں امانت کے ساتھ ہیں (یعنی مجلس میں جو باتیں سنیں ان کا دوسری جگہ نقل کرنا امانت داری کے خلاف ہے اور گناہ ہے۔ (ابودائود) کسی کو اس کی جگہ سے اٹھا کر خود نہ بیٹھ جائو۔ اور بیٹھنے والوں کو چاہیے کہ آنے والوں کو جگہ دینے کے لیے مجلس کشادہ کرلیں۔ (بخاری) جب مجلس میں تین آدمی ہوں توایک کو چھوڑ کر دوآدمی آپس میں آہستہ سے باتیں نہ کریں۔ کیوں کہ اس سے تیسرے کو رنج ہوگا (بخاری) (کسی ایسی زبان میں باتیں کرنا جس کو تیسرا آدمی نہیں جانتا وہ بھی اسی حکم میں ہے) کسی شخص کے لیے حلال نہیں کہ دو شخصوں کے درمیان بغیر ان کی اجازت کے بیٹھ جائے۔ (ترمذی) مجلس میں سب لوگ متفرق نہ بیٹھیں بلکہ مل مل کر بیٹھیں۔ (ابودائود) جب کوئی مسلمان بھائی تمہارے پاس آئے تو جگہ ہونے کے باوجو داس کے اکرام کے لیے ذرا سا کھسک جائو۔ (بیہقی) ہر چیز کا سردار ہوتا ہے اورمجلسوں کی سردار وہ مجلس ہے جس میں قبلہ رو ہوکر بیٹھا جائے (طبرانی) عورتیں بھی اس کا خیال کریں، جب کوئی عورت مجلس میں آئے تو اس کے لیے ذرا سی کھسک جائے۔چھینک اور جمائی کے آداب فرمایا رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ: جب تم میں سے کسی کو چھینک آئے تو چاہیے کہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ کہے۔ ’’سب تعریف اللہ ہی کے لیے ہے‘‘ اور اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ سننے والا ساتھی جواب میں یَرْحَمُکَ اللّٰہُ کہے۔ (بخاری) ’’اللہ آپ پر رحم فرمائے۔ ‘‘ اور چھینکنے والا یَھْدِیْکُمُ اللّٰہَ وَیُصْلِحُ بَالَکُمْ کہے۔ (بخاری) ’’اللہ آپ کو ہدایت پر رکھے اور سب حالات سدھاردے۔ ‘‘ فائدہ: چھینکنے والی عورت ہو تو یَرْحَمُکِ اللّٰہُ کاف کے زیر کے ساتھ کہے۔