تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
آج کل ہم ایسے دور سے گزر رہے ہیں کہ مردوں اور عورتوں کو، چھوٹوں کو، بڑوں کو، بچوں کو، بوڑھوں کو قرآن مجید کی تلاوت کرنے اور اللہ کا ذکر کرنے کی فرصت ہی نہیں ملتی۔ صبح ہوتی ہے تو سب سے پہلے ریڈیو اور اخبارات میں مشغول ہوجاتے ہیں۔ گھنٹے آدھ گھنٹے کے بعد ناشتہ کرکے بناؤ سنگھار کرکے بچے اسکول کی راہ لیتے ہیں اور بڑے ملازمتوں کے لیے چل دیتے ہیں۔ عورتیں اور چھوٹے بچے ریڈیو سے گانا بجانا سنتے رہتے ہیں۔ جب اسکول والے بچے واپس آتے ہیں تو وہ بھی گانا سننے میں لگ جاتے ہیں۔ کہاں کا ذکر، کہاں کی تلاوت؟ سب حب دنیا میں مست رہتے ہیں۔ بہت کم کسی گھر سے کلام اللہ پڑھنے کی آواز آتی ہے۔ ذکر اللہ اور تلاوت کلام اللہ کے لیے لوگوں کی طبیعتیں آمادہ ہی نہیں، محلے کے محلے غفلت کدے بنے ہوئے ہیں۔ اِکا دُکا کسی گھر میں کوئی نمازی ہے اور اس افسوسناک ماحول کی وجہ سے اللہ کی رحمتوں اور برکتوں سے محروم ہیں۔ ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ قرآن مجید پڑھے اور اپنے ہر بچے کو لڑکا ہو یا لڑکی قرآن شریف پڑھائے او رروزانہ صبح اٹھ کر نماز سے فارغ ہوکر گھر کا ہرفرد کچھ نہ کچھ تلاوت ضرور کرے تاکہ اس کی برکت سے ظاہر و باطن درست ہو اور دنیا و آخرت کی خیر نصیب ہو۔ اللہ کے ذکر اور تلاوت قرآن مجید کی برکتیں اور سعادتیں ایسی بے انتہا ہیں جن کا پتہ انہی نیک بندوں کو ہے جو اپنی زندگی کا حصہ ان میں لگائے رہتے ہیں۔ سورۂ واقعہ اور سورۂ آل عمران اور سورۂ بقرہ کے فضائل ابھی ابھی گزر چکے ہیں۔ ترغیب کے لیے ان کے علاوہ دیگر سورتوں کے خاص خاص فضائل اور خواص ذکر کیے جاتے ہیں تاکہ نفس کو تلاوت کے لیے آمادہ کرنا آسان ہو۔سورۂ الفاتحہ : سورۂ الفاتحہ قرآن مجید کی پہلی سورت ہے جو بہت بڑی فضیلت والی سورت ہے۔ ایک حدیث میں اس کو قرآن کی سب سے بڑی سورت فرمایا ہے۔ (بخاری) لمبی سورتیں تو اور بھی ہیں مگر عظمت کے اعتبار سے یہ سب سے بڑی ہے۔ اس کی بہت برکات ہیں، نماز کی ہر رکعت میں پڑھی جاتی ہے۔ ایک حدیث میں فرمایا کہ سورۂ فاتحہ جیسی سورت نہ تو توریت میں نازل ہوئی نہ انجیل میں، نہ زبور میں، نہ قرآن میں۔ (ترمذی) سورۂ فاتحہ کا ورد رکھنا، دنیا و آخرت کی بھلائیوں سے نوازے جانے کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ ایک حدیث میں ارشاد ہے کہ سورۂ فاتحہ میں ہرمرض سے شفا ہے۔ (دارمی) سورہ فاتحہ کے دس نام ہیں جن میں سے ایک نام کافیہ اور دوسرا شافیہ ہے۔ اس کو پڑھتی رہا کرو، بچوں کو سکھاؤ اور پڑھو اور پڑھاؤ۔سورۂ یٰسین شریف کی فضیلت : حضرت عطا بن ابی رباح ؒ (تابعی) فرماتے ہیں