تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سر کا مسح: سر کا مسح اس طرح کرو کہ دونوں ہاتھ پانی سے تر کرکے دائیں ہاتھ اور بائیں ہاتھ کی انگلیاں برابر ملا کر پیشانی کے بالوں پر رکھ کر پورے سر پر دونوں ہاتھ گزارتے ہوئے گدی تک لے جاؤ، پھر گدی سے دونوں ہاتھوں کی ہتھیلی کو کانوں تک پاس سے اور انگلیوں کو درمیان سے گزارتے ہوئے واپس پیشانی تک لے آؤ، اس کے بعد کانوں کے ظاہری حصہ کا انگوٹھوں سے اور اندرونی حصہ کا شہادت کی انگلی سے اس طرح مسح کرو کہ کانوں میں ہر جگہ انگلی پہنچ جائے اور سلوٹوں سے گزر جائے اور دونوں انگلیاں کانوں کے سوراخوں میں داخل کردو اور انگلیوں کی پشت سے گردن کا مسح کرو، البتہ گلے کا مسح نہ کرو، کیوں کہ یہ منع ہے۔غسل کا مسنون طریقہ: جب غسل کا ارادہ کرے تو پہلے استنجا کرے اور اگر کسی جگہ ظاہری نجاست لگی ہو تو اس کو دھوئے، پھر وضو کرے، جیسے نماز کے لیے وضو کرتے ہیں، اگر پختہ جگہ یا تخت یا پتھر پر غسل کررہے ہو تو پاؤں بھی ابھی دھولے، اور اگر غسل کی جگہ کچی ہو تو ابھی پاؤں دھونا چھوڑ دے، پورا غسل کرکے آخر میں پاؤں دھوئے، وضو میں خوب منہ بھر کر کلی کرے، اگر روزہ نہ ہو تو غرارہ بھی کرے، اور ناک میں خوب صفائی کرکے سانس کے ساتھ جہاں تک نرم جگہ ہے وہاں تک تین بار پانی پہنچائے، وضو کے بعد تھوڑا سا پانی لے کر سارے بدن کو مل لے، اس کے بعد تین بار سر پر پانی ڈالے، پھر داہنے کاندھے پر تین بار، پھر بائیں کاندھے پر تین بار پانی ڈالے اور ہر جگہ خیال کرکے پانی پہنچائے، بال برابر جگہ سوکھی رہ جائے تو غسل نہ ہوگا۔ m اگر غسل کے بعد معلوم ہو کہ فلاں جگہ سوکھی رہ گئی ہے تو خاص اسی جگہ کو دھولے، پھر سے پورا غسل دہرانے کی ضرورت نہیں ۔فرائض غسل: فرائض غسل تین ہیں ۔ ۱۔ خوب حلق تک پانی سے منہ بھر کر ایک بار کلی کرنا۔ ۲۔ ناک میں سانس کے ساتھ ایک بار پانی چڑھانا جہاں تک نرم جگہ ہے۔ ۳۔ تمام بدن پر ایک بار پانی بہانا۔سنن غسل: غسل کی سنتیں یہ ہیں : ۱۔ غسل کی نیت کرنا۔ ۲۔ اولاً ظاہری ناپاکی دور کرنا اور استنجا کرنا۔