تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
عورت کے کفن میں دو کپڑے جو زیادہ ہوتے ہیں وہ یہ ہیں، ایک سر بند جو تین ہاتھ لمبا ہو، دوسرا سینہ بند، جو چھاتیوں سے لے کر رانوں تک ہو۔ قبرستان لے جاتے وقت جو چادر اوپر سے ڈالتے ہیں وہ کفن سے خارج ہے، لیکن عورت کے جنازہ پر چادرہ ڈالنا بوجہ پردہ ضروری ہے۔ اور مرد کے جنازہ پر ڈالنا ضروری نہیں، عام طور سے مرد کے کفن میں اوپر کی چادر کے علاوہ دس گز کپڑا خرچ ہوتا ہے، اور عورت کے لیے اوپر کی چادر کو ملا کر بائیس گز کپڑا لگتا ہے اور بچہ کے لیے اس کے قد و قامت کے اعتبار سے کپڑا لے لیا جائے۔ جب کسی عورت کو کفن پہنانے لگو تو پورے کفن کو تین یا پانچ یا سات مرتبہ خوشبو دار دھونی دے دو، پھر یوں کرو کہ پہلے چادر بچھادو، پھر اس کے اوپر ازار بچھاؤ، اس پر کرتہ بچھاؤ، پھر میت کو اس پر لٹادو، اس کے بعد اس کوکرتہ پہناؤ، کرتہ پہنا کر سر کے بالوں کے دو حصے کرکے کرتہ کے اوپر سینہ پر ڈال دو، ایک حصہ داہنی طرف، ایک حصہ بائیں طرف رہے، اس کے بعد سر بند سر پر اور بالوں پر ڈال دو، اس کو نہ باندھو نہ لپیٹو، اس کے بعد ایک ازار لپیٹو، پہلے بائیں طرف لے جاکر دائیں طرف کو لپیٹو، پھر داہنی طرف سے لاکر بائیں طرف کو لپیٹو، اس کے بعد سرہانے اور پائنتی کفن کپڑے کی کتر سے باندھ دو، اور اسی طرح ایک بند کمر کے پاس بھی باندھ دو تاکہ لے جاتے وقت کھل نہ جائے اور پائنتی کی طرف کفنی میں گرہ دے دو، کفنانے کے بعد نماز جنازہ اور دفنانے میں جلدی کرو، نماز جنازہ کا طریقہ پہلے گزر چکا ہے۔دفنانا : عورتوں کو مردے دفن کرنے کے مواقع تو نہیں آتے، اس لیے اس کتاب میں اس کا ذکر کرنے کی ضرورت نہیں تھی، لیکن اس خیال سے کہ جنازہ کا پورا بیان ہوجائے دفنانے کا طریقہ بھی لکھا جاتا ہے۔ مسئلہ: جب نماز جنازہ سے فارغ ہوجائیں تو دفن کردیں، دفن کرنا بھی کفایہ ہے جب دفن کے لیے جنازہ کو قبر ستان لے چلیں تو تیز قدم چلیں لیکن دوڑیں نہیں جنازے کے ساتھ پیدل چلنا مستحب ہے۔ مسئلہ: جنازہ لے جاتے وقت دعا یا ذکر (مثلاً لا الہ الا اللہ یا اللہ اکبر) بلند آواز سے پڑھنا بد عت ہے، اور آہستہ بھی کوئی خاص ذکر ثابت نہیں، اگر آہستہ کچھ پڑھے اور جنازہ لے جانے کی سنت نہ سمجھے تو پڑھ سکتا ہے۔ مسئلہ: جب قبر تیار ہو جائے میت کو قبلہ کی طرف سے قبر میں اتاریں جس کا طریقہ یہ ہے کہ جنازہ کوقبر سے قبلہ کی جانب رکھا جائے اور اتار نے والے قبلہ رو کھڑے ہو کرمیت کو قبر میں اتاریں۔ مسئلہ: قبر میں رکھتے وقت بِسْمِ اللّٰہِ وَبِاللّٰہِ وَعَلٰی مِلَّۃِ رَسُوْلِ اللّٰہِ کہنا مستحب ہے۔ مسئلہ: میت کو قبر میں رکھ کر داہنے پہلو پر قبلہ رو لٹانا مسنون ہے۔