تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بعض عالموں نے فرمایا ہے کہ نظر بد لگ جانے پر اس کو پڑھ کر دم کرے۔آنکھ دکھنے آجائے تو یہ پڑھے : اَللّٰھُمَّ مَتِّعْنِیْ بِبَصَرِیْ وَاَجْعَلْہُ الْوَارِثَ مِنِّیْ وَاَرِنِیْ فِی الْعَدُوِّثَارِیْ وَانْصُرْنِیْ عَلٰی مَنْ ظَلَمَنِیْ۔ (حصن) اے اللہ میری بینائی سے مجھے نفع پہنچا اور میرے مرتے دم تک اسے باقی رکھ اور دشمن میں میرا انتقام مجھے دکھلا اور جس نے مجھ پر ظلم کیا اس کے مقابلہ میں میری مدد فرما۔جب اپنے جسم میں کوئی تکلیف ہو یا کوئی دوسرا مسلمان کسی تکلیف میں مبتلا ہو تو یہ پڑھے : رَبَّنَا اللّٰہَ الَّذِیْ فِی السَّمَآئِ تَقَدَّسَ اسْمُکَ اَمْرُکَ فِی السَّمَآئِ وَالْاَرْضِ کَمَا رَحْمَتُکَ فِی السَّمَآئِ فَاجْعَلْ رَحْمَتَکَ فِی الْاَرْضِ اِغْفِرْلَنَا حُوْیَتَنَا وَخَطَایَانَا اَنْتَ رَبُّ الطَّیِبِّیْنَ اَنْزِلْ رَحْمَۃً مِنْ رَحْمَتِکَ وَشِفَآئً مِّنْ شِفَآئِکَ عَلٰی ھٰذَا الْوَجْعِ۔ (مشکوٰۃ) ہمارا رب وہ اللہ ہے جو آسمان میں (تصرف) کرنے والا ہے۔ تیرا نام پاک ہے۔ تیرا حکم آسمان اور زمین میں جاری ہے۔ جیسا کہ تیری رحمت آسمان میں ہے سو تو زمین میں بھی اپنی رحمت بھیج اور ہمارے گناہ اور ہماری خطائیں بخش دے تو پاکیزہ لوگوں کا رب ہے سو تواپنی رحمتوں میں سے ایک رحمت اور اپنی شفاؤں میں سے ایک شفا اس درد پر اتار دے۔ فائدہ: جب کسی کو زہریلا جانور ڈس لے تو سات مرتبہ سورہ فاتحہ پڑھ کر دم کرے۔ (حصن) فائدہ: جس کی عقل ٹھکانے نہ ہو تو تین روز تک سورہ فاتحہ پڑھ کر اس پر تھتکار دے۔ (حصن)جسے بخار چڑھ آئے کسی طرح کا کہیں درد ہو تو یہ دعا پڑھے : بِسْمِ اللّٰہِ الْکَبِیْرِ اَعُوْذُ بِاللّٰہِ الْعَظِیْمِ مِنْ شَرِّ کُلِّ عَرْقٍ نَعَّارٍ وَمِنْ شَرِّ حَرِّ النَّارِ۔ (ترمذی) اللہ کا نام لے کر شفا چاہتا ہوں جو بڑا ہے۔ میں اللہ کی پناہ چاہتا ہوں جو عظیم ہے، جوش مارتی ہوئی رگ کے شر سے اور آگ کی گرمی کے شر سے۔بچھو کا زہر اتارنے کے لیے : حضور اقدس ﷺ کو بحالت نماز ایک مرتبہ بچھو نے ڈس لیا۔ آپ نے نماز سے فارغ ہوکر فرمایا۔ بچھو پر اللہ کی لعنت ہو نہ نماز پڑھنے والے کو چھوڑتا ہے نہ کسی دوسرے کو۔ اس کے بعد پانی اور نمک منگایا اورنمک کو پانی میں گھول کر ڈسنے کی جگہ پر پھیرتے رہے اور سور ہ {قُلْ یٰٓاَیُّہَا الْکٰفِرُوْنَo} اور سورہ {قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِo} اور سورہ {قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِo} الناس پڑھتے رہے۔ (حصن حصین)