تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
روزہ افطار کرانا : فرمایا خاتم الانبیاءﷺ نے کہ جس نے روزہ دار کو روزہ کھلوایا یا مجاہد کو سامان دے دیا، تو اس کو روزہ دار اور غازی جیسا اجر ملے گا۔ (بیہقی فی الشعب عن زید بن خالد ؓ) اور غازی و روزہ دار کے ثواب میں کچھ کمی نہ ہوگی، جیسا کہ دوسری احادیث سے ثابت ہے۔روزہ میں بھول کر کھاپی لینا : فرمایا رحمتہ للعالمینﷺ نے جو شخص روزہ میں بھول کر کھاپی لے تو وہ روزہ پورا کرلے کیوں کہ (اس کا کچھ قصور نہیں) اسے اللہ نے کھلایا اور پلایا۔ (بخاری و مسلم عن ابی ہریرہ ؓ)سحری کھانا : نبی مکرمﷺ نے فرمایاکہ ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں میں فرق سحری کا ہے۔ اس لیے سحری کھایا کرو (کیوں کہ سحری میں) برکت ہے۔ (بخاری و مسلم عن انس ؓ) اور یہ بھی فرمایا کہ ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں میں سحری کھانے کا فرق ہے۔ (مسلم عن عمرو بن العاص ؓ) ایک اور حدیث میں ہے کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا کہ سحری کھانے والوں پر خدا اور اس کے فرشتے رحمت بھیجتے ہیں۔ (طبرانی عن ابن عمر ؓ)افطار میں جلدی کرنا : فرمایا نبی رحمتﷺ نے کہ لوگ ہمیشہ خیر پر رہیں گے جب تک افطار میں جلدی کرتے رہیں گے، یعنی غروب آفتاب ہوتے ہی فوراً روزہ کھول لیا کریں گے۔ (بخاری و مسلم عن سہل) اور فرمایا رحمت کائناتﷺ نے کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ بندوں میں مجھے سب سے زیادہ پیارا وہ ہے جو افطار میں سب سے جلدی کرنے والا ہے۔ یعنی غروب آفتاب ہوتے ہی فوراً افطار کرتا ہے اور اسے اس میں جلدی کا خوب اہتمام رہتا ہے۔ (ترمذی عن ابی ہریرہ ؓ) اور فرمایا سیّد الکونینﷺ نے کہ جب ادھر سے (یعنی مشرق سے)رات آگئی اور ادھر سے (یعنی مغرب سے) دن چلا گیا تو روزہ افطار کرنے کا وقت ہوگیا۔ (آگے انتظار کرنا فضول ہے بلکہ مکروہ ہے)۔ (مسلم عن عمرو بن العاص ؓ)کھجور اور پانی سے افطار : فرمایا نبی اکرمﷺ نے جب تم روزہ کھولنے لگو تو کھجوروں سے افطار کرو کیوں کہ کھجور سراپا برکت ہے، اگر کھجور نہ ملے تو پانی سے روزہ کھول لو، کیوں کہ وہ (ظاہر و باطن کو)پاک کرنے والا ہے۔ (ترمذی عن سلمان بن عامر)