تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
1 قربانی کے جانور کو اپنے ہاتھ سے ذبح کرنا بہتر ہے اور دوسرے سے ذبح کرانا بھی جائز ہے۔ اگر دوسرے سے ذبح کرائے اور خود وہاں موجود ہو تو بہتر ہے جیسا کہ حضورﷺ نے حضرت سیدہ فاطمہ ؓ کو قربانی کے وقت جانور کے قریب حاضر ہونے کو فرمایا مگر عورت کو پردہ کا اہتمام کرنا لازم ہے۔ 2 مال دار کو بھی قربانی کا گوشت دے سکتے ہیں اور اپنے نوکر چاکر کو دینا بھی درست ہے لیکن کام کے بدلے اور محنت مزدوری کے معاوضے میں نہیں دے سکتے اگر کوئی نوکر غیر مسلم ہے اس کو بھی قربانی کا گوشت دے سکتے ہیں بلکہ نوکر کے علاوہ بھی کوئی پاس پڑوس میں کافر گوشت طلب کرے تو اس کو بھی دینا درست ہے۔ 3 قربانی کے دنوں میں جانور کی قربانی ہی کرنا لازم ہے اگر جانور کو زندہ صدقہ کردیا تو قربانی ادا نہیں ہوئی ہاں اگر قربانی کے دنوں میں کوئی شخص ذبح نہ کرسکا مثلاً جانور نہ ملایا کوئی اور بات پیش آگئی تو تین دن گزر جانے کے بعد اگر جانور موجود ہو تو اس کو صدقہ کردے ورنہ کسی محتاج کو قیمت دے۔ 4 قربانی صرف اپنی جانب سے واجب ہے۔ اپنی اولاد یا اپنی بیوی کی طرف سے یا والدین کی طرف سے قربانی کرنا واجب نہیں، البتہ اگر مالیت کے اعتبار سے ان لوگوں پر الگ الگ قربانی واجب ہوتی ہو تو ہر ایک شخص اپنی اپنی طرف سے قربانی کردے۔ 5 اگر کسی کے ذمہ مسئلہ کی رو سے قربانی واجب نہ تھی یعنی اس کے پاس اتنا مال نہ تھا جس پر قربانی واجب ہوتی لیکن اس نے جانور خرید لیا تو اب اس کی قربانی واجب ہوگئی۔ 6 قربانی کے جانور کا تھنوں میں اگر دودھ اتر آئے اور ذبح کا وقت نہیں آیا تو تھنوں پر ٹھنڈا پانی چھڑک دیں تاکہ دودھ اترنا رک جائے اور اگر دودھ نکال لیا تو اس کا صدقہ کردیں، اسی طرح ذبح سے پہلے اگر اون کاٹ لیا تو اس کا بھی صدقہ کردیں ۔ ہاں اگر ذبح کے بعد دودھ نکالا یا اون کاٹا تو اس کو اپنے کام میں لاسکتے ہیں ۔ اگر قربانی نذرکی ہو تو اگرچہ ذبح کے بعد دودھ نکالا یا اون کاٹا ہو تب بھی دونوں چیزوں کا صدقہ کردیں ۔ 7 جب قربانی کا جانور ذبح کردے تو اس کی جھول اور رسی صدقہ کرے۔ 8 مرتد، زندیق، قادیانی، ملحد شیعہ کا ذبیحہ حرام ہے۔ ان سے ذبح نہ کرائیں نہ قربانی کے موقع پر اور نہ کسی اور موقعہ پر۔ اگر ان سے ذبح کرالیا تو نہ قربانی ہوگی نہ گوشت حلال ہوگا۔تکبیر تشریق : mبقر عید کے ایام میں تکبیر تشریق مشروع ہے۔ یعنی ہر فرض نماز کے بعد ایک مرتبہ پڑھیں: اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ۔