تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سورۂ اَلْھٰیکُمُ التَّکَاثُرُ : حضرت عبد اللہ بن عمرؓ نے بیان فرمایا کہ حضور اقدس ﷺ نے صحابہؓ سے فرمایا کہ کیا تم سے یہ نہیں ہوسکتا کہ روزانہ ہزار آیات پڑھ لو، انھوں نے عرض کیا یارسول اللہ ﷺ کسے طاقت ہے کہ روزانہ ہزار آیات (پابندی)سے(بلاناغہ) پڑھے۔ آپ نے فرمایا: کیا تم سے یہ نہیں ہوسکتا کہ سورۂ التَّکَاثُرُ پڑھ لو۔ (بیہقی فی شعب الایمان)قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ : یہ سورتیں قرآن مجید کی آخری دو سورتیں ہیں، ان کو معوذتین کہتے ہیں۔ ان کی بڑی فضیلت آئی ہے۔ تکلیف دینے والی چیزوں اور مخلوق کی شرارتوں سے محفوظ رہنے کے لیے ان کا پڑھنا بہت ہی نافع اور مفید ہے۔ حضرت عقبہ بن عامرؓ فرماتے ہیں کہ میں سرور عالم ﷺ کے ہمراہ سفر میں تھا کہ اچانک آندھی آگئی اور سخت اندھیرا ہوگیا۔ حضور اقدس ﷺ سورۂ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ کے ذریعہ اس مصیبت سے اللہ کی پناہ مانگنے لگے۔ یعنی ان کو پڑھنے لگے اور فرمایا کہ عقبہ ان سورتوں کے ذریعے اللہ کی پناہ حاصل کرو۔ کیوں کہ ان جیسی اور کوئی چیز نہیں ہے جس کے ذریعہ کوئی پناہ لینے والا پناہ حاصل کرے۔ (رواہ ابو داود) حضرت عبد اللہ بن حبیب فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ ہم ایسی رات میں جس میں بارش ہورہی تھی اور سخت اندھیری بھی تھی۔ حضور اقدس ﷺ کو تلاش کرنے کے لیے نکلے، چناں چہ ہم نے آپ کو پالیا۔ آپ نے فرمایا کہو، میں نے عرض کیا، کیا کہوں۔ فرمایا جب صبح ہو اور شام ہو، سورۂ قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ اور سورۂ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور سورۂ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ تین تین بار پڑھ لو۔ یہ عمل کرلوگے تو ہر ایسی چیز سے تمہاری حفاظت ہوجائے گی جس سے پناہ لی جاتی ہے۔ (یعنی ہر موذی اور ہر شر اور ہر بلا سے محفوظ ہوجاؤگے)۔ (ترمذی) بات یہ ہے کہ جب کوئی شخص سورۂ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ پڑھتا ہے تو ہر اس چیز کے شر سے اللہ کی پناہ لیتا ہے جو اللہ نے پیدا کی ہے اور رات کے شر سے بھی پناہ لیتا ہے اورگروہوں میں دم کرنے والی عورتوں کے شر سے بھی پناہ لیتا ہے جو جادو کرتی ہیں اور حسد کرنے والے کے شر سے پناہ لیتا ہے اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ پڑھنے والا سینوں میں وسوسہ ڈالنے والے کے شر سے پناہ لیتا ہے۔ اتنی چیزوں کے شر سے بچنے کے لیے دعا کی جاتی ہے اسی لیے یہ دونوں سورتیں ہر طرح کے شر اور بلا اور مصیبت اور جادو ٹونہ ٹوٹکا سے محفوظ رہنے کے لیے مفید ہیں اور مجرب ہیں۔ ان کو اور سورۂ اخلاص کو صبح شام تین تین بار پڑھے اور دیگر اوقات میں بھی ورد رکھے۔ کسی بچے کو تکلیف ہو، نظر لگ جائے تو ان دونوں کو پڑھ کر دم کرے یا لکھ کر گلے میں ڈال دے، بچوں کو یاد کرادیں، دکھ تکلیف میں ان سے بھی پڑھوائیں۔