تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
کہ مجھے یہ حدیث پہنچی ہے کہ رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس نے دن کے اول حصہ میں سورۂ یٰسین شریف پڑھ لی اس کی حاجتیں پوری کردی جائیں گی۔ (مشکوٰۃ شریف) ایک اور حدیث میں ہے کہ آں حضرت ﷺ نے فرمایاکہ جس نے سورۂ یٰسین اللہ کی رضا کی نیت سے پڑھی، اس کے پچھلے گناہ معاف ہوجائیں گے۔ لہٰذا تم اسے اپنے موتیٰ کے پاس پڑھا کرو۔ (مشکوٰۃ شریف) یعنی جس کی موت کا وقت قریب ہو اس کے پاس بیٹھ کر پڑھو۔ حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ہر چیز کا ایک دل ہوتا ہے اور قرآن کا دل سورۂ یٰسین ہے۔ جس نے سورۂ یٰسین (ایک مرتبہ) پڑھی، اللہ اس کے پڑھنے کی وجہ سے اس کے لیے دس مرتبہ قرآن شریف پڑھنے کا ثواب لکھ دے گا۔ (مشکوٰۃ شریف)سورۂ کہف کی فضیلت : سورۂ کہف پندرہویں پارے کے آدھے پر {اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْٓ} سے شروع ہوتی ہے، اس سورت کے پڑھنے کی بہت بڑی فضیلت وارد ہوئی ہے۔ حضرت ابوسعیدؓ سے روایت ہے کہ آں حضرت ﷺ نے فرمایا کہ جس نے جمعہ کے دن سورۂ کہف پڑھ لی اس کے لیے دونوں جمعوں کے درمیان نور روشن رہے گا۔ (بیہقی فی الدعوات الکبیر) یعنی اس کا دل منور رہے گا۔ یا یہ مطلب ہے کہ جمعہ کے دن ایک بار اس کے پڑھ لینے سے اس کی قبر میں بہ قدر ایک ہفتہ کے روشنی رہے گی، اگر کوئی ہر جمعہ کو پڑھا لیا کرے تو اسے موت کے بعدبھی نور ہی نور نصیب ہوگا۔ (گو تمام اعمال صالحہ روشنی کا سبب ہیں۔) حضرت ابودرداؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس نے سورۂ کہف کی اول کی تین آیات پڑھ لیں وہ دجال کے فتنہ سے محفوظ رہے گا۔ (رواہ الترمذی وقال حسن صحیح)سورۂ تبارک الذی اور الم سجدہ کی فضیلت : حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ قرآن شریف میں ایک سورت ہے جس میں تیس آیات ہیں۔ اس نے ایک شخص کی یہاں تک سفارش کی کہ وہ بخش دیا گیا، یہ سورت تبارک الذی بیدہ الملک ہے۔ (جو انتیسویں پارہ کی پہلی سورت ہے)۔ (ترمذی، نسائی) حضرت جابرؓ سے روایت ہے حضور اقدس ﷺ رات کو اس وقت تک نہیں سوتے تھے جب تک سورۂ الم تنزیل اور سورۂ تبارک الذی بیدہ الملک نہ پڑھ لیتے تھے۔ (ترمذی، دارمی)