تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
رات کو سوتے وقت کرنے کا ایک عمل : حضرت عائشہؓ کا بیان ہے کہ روزانہ رات کو جب حضور اقدس ﷺ بستر پر تشریف لاتے تو سورۃ قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ اور سورۃ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور سورۃ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ پڑھ کر ہاتھ کی دونوں ہتھیلیوں کو ملا کر ان میں اس طرح پھونک مارتے کہ کچھ تھوک بھی پھونک کے ساتھ نکل جاتا تھا۔ پھر دونوں ہتھیلیوں کو پورے بدن پر جہاں تک ممکن ہوتا تھا پھیر لیتے تھے۔ یہ ہاتھ پھیرنا سر اور چہرے سے اور سامنے کے حصہ سے شروع فرماتے تھے اور یہ عمل تین بار فرماتے تھے۔ (بخاری)بیماری کا ایک عمل : نیزحضرت عائشہؓ یہ بھی بیان فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کو جب کوئی تکلیف ہوتی تھی تو اپنے جسم پر سورۃ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور سورۃ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ پڑھ کر دم کیا کرتے تھے (جس کا طریقہ ابھی اوپر گزرا)پھر جس مرض میں آپ کی وفات ہوئی اس میں، میں یہ کرتی تھی کہ دونوں سورتیں پڑھ کر آپ کے ہاتھ پر دم کردیتی تھی۔ پھر آپ کے ہاتھ کو آپ کے جسم پر پھیردیتی تھی۔ (بخاری و مسلم) دم صرف پھونکنے کو نہیں کہتے دم یہ ہے کہ پھونک کے ساتھ تھوک کا بھی کچھ حصہ نکل جائے۔حفظ قرآن کی ضرورت اور اہمیت : قرآن مجید بہت بڑامعجزہ ہے اور کئی اعتبار سے معجزہ ہے۔ اس کا ایک کھلا ہوا معجزہ جو ہر مسلم اور غیر مسلم اور ہر دوست و دشمن کے سامنے یہ ہے کہ چھوٹے چھوٹے بچے اور جوان اور بڑی عمروں کے لوگ اس کو حفظ یاد کرلیتے ہیں، قرآن کا حفظ ہونا اچھا ذہن اور قوی دماغ پر موقوف نہیں، بڑے بڑے ذہین اور حافظے کی قوت رکھنے والے اپنی زبان میں لکھی ہوئی کتاب کے پچاس صفحے بھی یاد نہیں کرسکتے اور روزانہ تھوڑا سا وقت لگانے سے قران مجید کند ذہن والوں کو یاد ہوجاتا ہے جو اپنی زبان میں بھی نہیں ہے۔ جب تک اللہ تعالیٰ کو منظور ہے کہ قرآن دنیا میں رہے اس کے حفظ کرنے کرانے والے بھی رہیں گے۔ جو شخص یا جو کنبہ اور جو برادری اور جو علاقہ اس کی جانب سے غفلت برتے گا خود اس کی خیر سے محروم رہے گا۔ قرآن کے یاد رکھنے والے ادارے اور سینوں میں اٹھانے والے ہمیشہ رہیں گے اور ان کے فیوض و برکات سے مالا مال ہوتے رہیں گے۔ اللہ جل جلالہ کا ارشاد ہے کہ قرآن مجید کے ہم محافظ ہیں۔ یہ وعدہ اس طرح پورا ہوتا رہے گا کہ ہمیشہ سے اس کے یاد رکھنے والے موجود رہے ہیں اور موجود رہیں گے ان شاء اللہ تعالیٰ۔ ہمیں چاہیے قرآن کی طرف بڑھیں تاکہ اس کی برکتوں سے مالا مال ہوں، اپنی اولاد کو قرآن مجید حفظ کرانے کی بلیغ کوشش کریں۔