تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
لوبان وغیرہ کی کوئی خوشبو لگادو۔میت کو نہلانا : جب نہلانے کا ارادہ کرو تو کسی تخت یا بڑے تختہ کو جس پر غسل دینا ہو، لوبان یا اگربتی کی دھونی تین بار یا پانچ بار یا سات بار دے دو، پھر میت کو اس پر لٹادو، اور اس کے پہنے ہوئے کپڑے الگ کردو، اور اس کی ناف سے گھٹنوں تک ایک کپڑا ستر چھپانے کے لیے ڈال دو، بیری کے پتے ڈال کر گرم کیے ہوئے پانی سے غسل دینا شروع کردو، اگر بیری کے پتے ڈال کر پانی گرم نہ کیا ہو تو سادہ گرم پانی سے نہلانا اور صابن لگانابھی کافی ہے، جب غسل دینا شروع کرو تو پہلے میت کو استنجاء کراؤ، لیکن اس کے رانوں اور استنجے کی جگہ کوہاتھ نہ لگاؤ، اور اس پر نگاہ بھی نہ ڈالو، بلکہ اپنے ہاتھ میں کوئی کپڑا لپیٹ لو اور جو کپڑا ناف سے لے کر رانوں تک پڑا ہے اس کے اندر اندر دھلاؤ، استنجاء کراکر اس کے بعد اولاً وضو کراؤ، پہلے اس کا منہ تین بار دھلاؤ، انگلیوں سے لے کر گٹوں تک جو حصہ ہے اس کو بھی اسی طرح دھلاؤ، پھر سر کا مسح کردو، پھردونوں پاؤں ترتیب سے یعنی پہلے داہنا پاؤں، پھر بایاں پاؤں دھلادو۔ جب وضو کراچکو تو اس کے سر کو گل خیرو سے یا صابن سے اچھی طرح مل کر دھو ڈالو، تاکہ خوب صاف ہوجائے، پھر میت کو بائیں کروٹ پر لٹا کر نیم گرم پانی سر سے پیر تک ڈالو، یہاں تک کہ بائیں کروٹ تک پانی پہنچ جائے، پھر داہنی طرف کروٹ پر لٹادو اور اسی طرح سے پیر تک پانی اتنا ڈالو کہ داہنی کروٹ تک پانی پہنچ جائے، اس کے بعد مردہ کو اپنے بدن کی ٹیک لگاکر ذرا بٹھلادو اور اس کے پیٹ کو آہستہ آہستہ ملو، اگر کچھ پاخانہ وغیرہ نکلے تو پونچھ کر دھو ڈالو اور وضو اور غسل میں اس کے نکلنے سے کوئی نقصان نہیں، اس کے بعد پھر بائیں کروٹ پر لٹا دو اور کافور پڑا ہوا پانی سر سے پاؤں تک جسم کے ہر حصہ پر پہنچادو، یہ غسل پورا ہوگیا۔ اس کے بعد مردہ کے بدن کو کسی کپڑے سے پونچھ دو۔کفنانا : اور جب غسل سے فارغ ہوکر میت کو کفن پر رکھو تو اس کے سر پر عطر لگادو اور ماتھا اور ناک اور دونوں ہتھیلیوں اور گٹوں اور پاؤں پر کافور مل دو، مرد کو تین کپڑوں میں اور عورت کو پانچ کپڑوں میں کفن دینا سنت ہے، سب کی تفصیل یہ ہے: (۱) ازار سر سے لے کر پاؤں تک۔ (۲)چادر جو ازار سے ایک ہاتھ بڑی ہو اس کو لفافہ کہتے ہیں۔ (۳) کرتہ گلے سے لے کر پاؤں تک جس میں نہ آستین ہو نہ کلیاں ہوں، اس کو کفنی بھی کہتے ہیں، یہ تینوں کپڑے مرد و عورت دونوں کے کفن میں ہوتی ہیں۔