تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اسی طرح جس کپڑے میں میاں بیوی کا مخصوص عمل ہوا ہو وہ بھی ناپاک نہیں ہوتا۔ ہاں جس جگہ نجاست لگ جائے وہ جگہ ناپاک ہوجائے گی۔ بعض جگہ دستور ہے کہ شادی کی رات گزارنے پر صبح کو دلہن کے سب کپڑے مکمل دھوتے ہیں اور ریشمی کپڑوں کا ناس کردیا جاتاہے، یہ جہالت کی بات ہے۔نفاس کے احکام (۲۵۱) وَعَنْ اُمِّ سَلْمَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا قَالَتْ کَانَتِ الْنُفَسَائُ تَجْلِسُ عَلٰی عَھْدِ رَسُوْلِ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اَرْبَعِیْنَ یَوْمًا وَکُنَّا نُطَلِّیْ وَجُوْھَنَا بِالْوَرْسِ۔ (رواہ ابوداؤد الترمذی واللفظ لہ) ’’ام المومنین حضرت ام سلمہؓ نے بیان فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں عورت بچے کی پیدائش کے بعد چالیس دن تک بیٹھی رہتی تھی (یعنی نہ نماز پڑھتی تھی نہ روزہ رکھتی) اور ہم جھائیاں دور کرنے کے لیے اپنے چہروں پر ورس ملا کرتے تھے (جو ایک قسم کی گھاس تھی)‘‘ (ترمذی شریف ص ۲۷، ج ۱، ابوداؤد شریف ص ۴۳ ج ۱)تشریح : بچہ کی پیدائش کے بعد خون جاری ہوا کرتا ہے، اس خون کو نفاس کہتے ہیں اور اس زمانہ میں عورت کونفساء کہا جاتاہے، اس عورت کے بھی وہی احکام ہیں جو حیض والی عورت کے ہیں، جس طرح حیض والی عورت پر نماز فرص نہیں ہے، اور اسے کوئی بھی نماز ادا کرنا یا قرآن شریف پڑھنا یا اس کا چھونا یا مسجد میں داخل ہونا جائز نہیں، اسی طرح نفاس والی عورت پر بھی نماز فرض نہیں ہے اور نہ اسے نماز پڑھنا درست ہے اور قرآن شریف پڑھنا یا اس کا چھونا یامسجد میں داخل ہونا بھی اس کے لیے جائز نہیں ہے، البتہ قرآن شریف کو غلاف کے ساتھ چھونا جائز ہے، مگر جلد پر جو چولی چڑھی رہتی ہے، وہ غلاف کے حکم میں نہیں ہے، اگر غلاف کے اندر قرآن شریف نہیں ہے تو چڑھی ہوئی چولی کو ہاتھ لگانا، اس کے لیے جائز نہ ہوگا، چولی سے مراد وہ کپڑا ہے جو پٹھوں کے ساتھ سلا ہوا ہو، پلاسٹک کور جوپٹھوں سے بالکل چپکا ہوا ہو یا سلا ہوا ہوتا ہے جو جدا نہیں ہوتا وہ بھی چولی کے حکم میں ہے۔ مسئلہ: نفاس والی عورت کو کوئی روزہ (نفل یا فرض) رکھنا جائز نہیں، اگر رمضان میں ایسا موقع آجائے تو روزے چھوڑ دے، پھر بعد میں پاکی کے زمانہ میں قضا رکھ لے۔ مسئلہ: حیض والی عورت کی طرح نفاس والی عورت بھی قرآن مجید کے علاوہ دوسری چیزیں پڑھ سکتی ہیں۔ مثلاًدرود شریف، استغفار، پہلا، دوسرا، تیسرااورچوتھا کلمہ وغیرہ اور اگر کوئی آیت دعا بہ طور دعا کے پڑھنا چاہے تو وہ بھی پڑھ سکتی ہے۔