تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
المصابیح ص ۱۶۶ بحوالہ ترمذی) تشریح: جیسے ہدیہ لینے دینے میں نفسانی طور پر خیال ہوتا ہے کہ ذرا سی چیز ہے کسی کو کیا دیں ؟ اور تھوڑی سی چیز ہدیہ دینے کو عار اور عیب سمجھا جاتا ہے، اسی طرح صدقہ خیرات کرنے میں بھی بہت سے لوگوں پر نفسانیت سوار ہوجاتی ہے، زیادہ دینے کو ہوتا نہیں یا زیادہ دینے کو دل نہیں چاہتا اور تھوڑا دینا شان کے خلاف سمجھتے ہیں اس لیے صدقہ کرنے سے محروم رہتے ہیں، حضرت اُمِّ بجید ؓ نے یہی سوال کیا کہ کوئی قابل ذکر چیز گھر میں دینے کو نہیں ہوتی اور سائل آکھڑا ہوتا ہے اس کو خالی ہاتھ واپس کرنا نامناسب معلوم ہوتا ہے لہٰذا ایسی صورت میں کیا کیا جائے؟ رحمتہ للعالمینﷺ نے فرمایا کہ جو کچھ ہو اس کو دے دو۔ تھوڑے بہت کا خیال نہ کرو، اگر کچھ بھی نہ ہو تو بکری کا جلا ہوا کھر ہی دے دو، یہ بہ طور مثال کے فرمایا کیوں کہ بکری کے پاؤں کا آخری حصہ جو زمین پر لگتا ہے اس میں نہ گوشت ہوتا ہے نہ کچھ اور چیز کھانے کے مطلب کی نکلتی ہے۔ پھر جب کہ وہ جلا ہوا ہو تو بالکل ہی کسی کام کا نہیں ۔ مطلب یہ ہے کہ مسکین کی مسکنت کا خیال کرو، اسے کچھ نہ کچھ ضرور دو، معمولی چیز ہو تو وہی دے دو۔ اپنی کسر شان اور ناک کٹنے کے خیال کرتے ہوئے تھوڑی چیز کو نہ روکو، قطرہ قطرہ دریا ہوجاتا ہے۔ روزانہ ذرا ذرا سا صدقہ کرو تو آخرت میں بہت کچھ ملے گا اور یہاں مسکین کی حاجت کسی درجہ میں پوری ہوجائے گی، بزرگوں نے بتایا ہے کہ جسمانی عبادتیں دخول جنت کا ذریعہ ہیں اور مالی صدقہ و خیرات دوزخ سے بچانے کے لیے اکیسر ہے، جو کچھ ہو خرچ کردینا چاہیے۔ ایک حدیث میں ارشاد ہے کہ اِتَّقُوا النَّارَ وَلَوْ بِشَقِّ تَمْرَۃٍ۔ (مشکوٰۃ شریف) دوزخ سے بچو، اگرچہ آدھی کھجور ہی کے ذریعہ ہو۔ فائدہ: پیشہ ور سائل جو مانگتے پھرتے ہیں عموماً مال دار ہوتے ہیں، ان کے بجائے واقعی حاجت مند کو دو۔ اصلی مسکینوں اور غریبوں کی تلاش رکھو اور ان کی مالی خدمت کرو۔صدقہ سے آنے والی مصیبت رک جاتی ہے : آنے والی مصیبت بھی صدقہ کی وجہ سے رک جاتی ہے۔ رسول اکرمﷺ نے فرمایا کہ بَادِرُوْا بِالصَّدَقَۃِ فَاِنَّ الْبَلَآئَ لَا یَتَخَطَّاھَا۔ یعنی مصیبت آنے سے پہلے دے دو کیوں کہ (صدقہ دیوار کی طرح آڑے آجاتا ہے اور) مصیبت اس کو پھاند کر نہیں آسکتی۔(مشکوٰۃ ص ۱۶۷)1 (1 عزاہ فی المشکاۃ الی رزین وذکرہ المنادی فی کنوز الحقائق بلفظ: باکروا بالصدقۃ، الحدیث، وعزاہ الی (ط) ای الطبرانی روپیہ پیسہ جو کچھ صدقہ کریں مصیبت دفع کرنے کے لیے مفید ترین چیز ہے۔