تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ کر شروع کردے۔ اس کے بعد سورۂ فاتحہ پھر اور کوئی سورت پڑھے، پھررکوع اور دونوں سجدے اسی طرح کرے جس طرح پہلے بیان ہوا۔ تیسری رکعت کے دوسرے سجدے سے فارغ ہوکر چوتھی رکعت کے لیے کھڑی ہوجائے اور کھڑے ہوتے ہوئے زمین پر ہاتھ سے ٹیک نہ لگائے، اس رکعت کو شروع کرتے ہوئے بھی بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھے اور اس کے بعد سورۂ فاتحہ پڑھے، پھر دوسری کوئی سورت پڑھے، پھر اسی طرح رکوع اور دو سجدے کرے، جس طرح پہلے بیان ہوا، چوتھی رکعت کے دوسرے سجدہ سے فارغ ہوکر اسی طرح بیٹھ جائے، جیسے دوسری رکعت میں بیٹھی تھی اور التحیات پوری پڑھ کر درود شریف پھر دعا پڑھے اور اس کے بعد دونوں طرف سلام پھیردے۔ دوسری، تیسری اور چوتھی رکعت میں ثنا اور تعوذ یعنی اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ نہیں پڑھا جاتا بلکہ یہ رکعتیں بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ سے شروع کی جاتی ہیں، اور فرضوں کی تیسری اور چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعدکوئی سورت یا آیت نہیں پڑھی جاتی، صرف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ اور سورۂ فاتحہ پڑھ کر رکوع میں چلے جاتے ہیں۔ فرضوں کے علاوہ ہر نماز کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد کوئی سورت یا کم از کم تین آیات پڑھنا واجب ہے۔ یہ طریقہ دو یا چار رکعات پڑھنے کا معلوم ہوا، اگر کسی کو تین رکعات فرض نماز مغرب پڑھنا ہو تو دوسری رکعت پر بیٹھ کر عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ تک التحیات پڑھے، پھر کھڑی ہوجائے اور تیسری رکعت میں بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ اور اس کے بعد سورۂ فاتحہ پڑھے، اس کے بعد رکوع اور دونوں سجدے کرکے بیٹھ جائے اور پوری التحیات اور درود شریف اور دعا ترتیب وار پڑھے اور پھرسلام پھیر دے۔ فائدہ۱: دوسری رکعت کے قعدہ میں التحیات کے بعد درود شریف اور دعا اسی وقت پڑھی جاتی ہے جب کہ اسی قعدہ پر سلام پھیر کر نماز سے نکلنا مقصود ہو۔ اگر تیسری اور چوتھی رکعت بھی پڑھنا ہو تو دوسری رکعت پر بیٹھ کر صرف التحیات عبدہ ورسولہ تک پڑھ کر اٹھ جاتے ہیں اور درود شریف اور دعا اس قعدہ میں پڑھتے ہیں جس میں سلام پھیرنا ہو۔ فائدہ ۲: نماز فرض ہو یا وتر، سنت ہو یا نفل سب میں بحالت قیام ہر رکعت میں ہاتھ باندھے جاتے ہیں۔ جس کا طریقہ پہلی رکعت کے بیان میں گزرا۔ فائدہ ۳: نماز میں کھڑے ہونے کو قیام اور دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھنے کو جلسہ اور رکوع سے کھڑے ہوکر تھوڑا سا ٹھہر جانے کو قومہ اور التحیات کے لیے بیٹھنے کو قعدہ کہتے ہیں، دو رکعت والی نماز میں صرف ایک قعدہ ہوتاہے، اور تین یا چار رکعات والی نماز میں دو قعدے ہوتے ہیں، پہلے کو قعدۂ اولیٰ اور دوسرے کو قعدۂ اخیرہ کہتے ہیں۔چند ضروری مسائل