تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جب کسی مریض کی مزاج پرسی کو جائے تو یوں کہے : لَابَاَسَ طَھُوْرٌ اِنْشَآئَ اللّٰہُ۔ (مشکوۃ) کچھ حرج نہیں۔ ان شاء اللہ یہ بیماری تم کو گناہوں سے پاک کرنے والی ہے۔ اور سات مرتبہ اس کے شفایاب ہونے کی یوں دعا کرے: اَسْأَلُ اللّٰہَ الْعَظِیْمَ رَبِّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ اَنْ یَّشْفِیَکَ۔ میں اللہ سے سوال کرتا ہوں جو بڑا ہے اور بڑے عرش کا رب ہے کہ تجھے شفا دے۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ سات مرتبہ اس کے پڑھنے سے مریض کو ضرور شفا ہوگی۔ ہاں اگر اس کی موت ہی آگئی ہو تو دوسری بات ہے۔ (مشکوٰۃ)جب کوئی مصیبت پہنچے (اگرچہ کانٹا ہی لگ جائے) تو یہ پڑھے : اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ اَللّٰھُمَّ اَجِرْنِیْ فِیْ مُصِیْبَتِیْ وَاَخْلِفْ لِیْ خَیْرًا مِّنْھَا۔ (مسلم) بے شک ہم اللہ ہی کے لیے ہیں اور ہم اللہ ہی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔ اے اللہ میری مصیبت میں اجر دے اور اس کے عوض مجھے اس سے اچھا بدل عنایت فرما۔جب بدن میں کسی جگہ زخم ہو یا پھوڑا پھنسی ہو : تو شہادت کی انگلی کو منہ کے لعاب میں بھر کر زمین پر رکھ دے اور پھر اٹھا کر تکلیف کی جگہ پر پھیرتے ہوئے یہ پڑھے: بِسْمِ اللّٰہِ تُرْبَۃُ اَرْضِنَا بِرَیْقَۃِ بَعْضِنَا لِیُشْفٰی سَقِیْمُنَا بِاِذْنِ رَبَّنَا۔ (بخاری ومسلم) میں اللہ کے نام سے برکت حاصل کرتا ہوں۔ یہ ہماری زمین کی مٹی ہے۔ جو ہم میں سے کسی کے تھوک میں ملی ہوئی ہے تاکہ ہمارے رب کے حکم سے شفا ہو۔اگر کوئی چوپایہ (بیل بھینس وغیرہ) مریض ہو تو یہ پڑھے : لَابَاْسَ اَذْھِبِ الْبَاْسَ رَبِّ النَّاسِ اِشْفِ اَنْتَ الشَّافِیْ لَا یَکْشِفُ الضُّرَّ اِلَّا اَنْتَ۔ (حصن) کچھ ڈر نہیں ہے، اے لوگوں کے رب دور فرما (اور) شفا دے تو ہی شفا دینے والا ہے، تیرے سوا کوئی تکلیف کو دور نہیں کرسکتا۔ اس کو پڑھ کر چار مرتبہ چوپایہ کے داہنے نتھنے میں اور تین مرتبہ اس کے بائیں نتھنے میں دم کرے۔ (حصن حصین عن ابن ابی شیبہ موقوفا علی ابن مسعود)جس کی آنکھ میں درد یا تکلیف ہو تو یہ پڑھ کر دم کرے ۔ بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰھُمَّ اَذْھِبْ حَرَّھَا وَبَرْدَھَا وَوَصَبَھَا۔ میں اللہ کا نام لے کر دم کرتا ہوں۔ اے اللہ اس کی گرمی اور اس کی ٹھنڈک اور مرض کو دور فرما۔ اس کے بعد یوں کہے: قُمْ بِاِذْنِ اللّٰہِ (اللہ کے حکم سے کھڑا ہو)۔ (حصن عن النسائی وغیرہ)