تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جب بازار میں داخل ہو تو یہ دعا پڑھے : لَآ ِالٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ یُحْیِیْ وَیُمِیْتُ وَھُوَ حَیٌّ لَا یَمُوْتُ بَیَدِہِ الْخَیْرُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَْیئٍ قَدِیْرٌ۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ تنہا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کے لیے ملک ہے اور اس کے لیے حمد ہے، وہی زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے اور وہ زندہ ہے اسے موت نہ آئے گی، اسی کے ہاتھ میں بھلائی ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ بازار میں اس کے پڑھنے سے اللہ تعالیٰ دس لاکھ نیکیاں لکھ دیں گے، اور دس لاکھ گناہ معاف فرمادیں گے اور دس لاکھ درجے بلند فرمادیں گے اور اس کے لیے جنت میں ایک گھر بنادیں گے۔ (رواہ الترمذی و ابن ماجہ) اور یہ بھی پڑھے: بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَ ھٰذِہِ السُّوْقِ وَخَیْرَ مَا فِیْھَا وَاَعُوْذُ بِکَ مِنْ شَرِّھَا وَ شَرِّمَا فِیْھَا اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُ بِکَ اَنْ اُصِیْبَ فِیْھَا یَمِیْنًا فَاجِرَۃً اَوْ صَفْقَۃً خَاسِرَۃً۔ (حصن) میں اللہ کا نام لے کر داخل ہوا، اے اللہ میں تجھ سے اس بازار کی اور جو کچھ اس بازار میں ہے اس کی خیر طلب کرتا ہوں اور تیری پناہ چاہتا ہوں اس بازار کے شر سے اور جو کچھ اس بازار میں ہے اس کے شر سے، اے اللہ میں تیری پناہ چاہتا ہوں اس بات سے کہ یہاں جھوٹی قسم کھاؤں یا معاملہ میں نقصان اٹھاؤں۔ فائدہ: بازار سے واپس آنے کے بعد قرآن شریف کی دس آیات کہیں سے پڑھے۔ (حصن عن الطبرانی)جب کھانا شروع کرے تو یہ پڑھے : بِسْمِ اللّٰہِ وَعَلٰی بَرَکَۃِ اللّٰہِ۔(حصن) میں نے اللہ کے نام سے اور اللہ کی برکت پر کھانا شروع کیا۔ اگر شروع میں بسم اللہ بھول جائے تو یاد آنے پر یہ پڑھے: بِسْمِ اللّٰہِ اَوَّلَہٗ وَاٰخِرَہٗ۔ (ترمذی) ’’میں نے اس کے اول و آخر میں اللہ کا نام لیا۔ ‘‘ فائدہ: کھانے پر بسم اللہ نہ پڑھی جائے تو شیطان کو اس میں کھانے کا موقع مل جاتا ہے۔ (مشکوٰۃ)جب کھانا کھاچکے تو یہ دعا پڑھے : اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَطْعَمْنَا وَسَقَانَا وَجَعَلَنَا مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ۔ سب تعریفیں خدا کے لیے ہیں، جس نے ہمیں کھلایا اور پلایا اور مسلمان بنایا۔ یا یہ پڑھے: اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْہِ وَاَطْعِمْنَا خَیْرًامِّنْہُ۔ (ترمذی) اے اللہ تو ہمیں اس میں برکت عطا فرما اور اس سے بہتر نصیب فرما۔