تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
قرآن پڑھنا پڑھانا اور تلاوت میں مشغول رہنا : ۸۲۔ وَعَنْ عُثْمَانَ ؓ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ﷺ: خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَہٗ۔ (البخاری) حضرت عثمان غنیؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تم میں سے سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن مجید سیکھے اور سکھائے۔ (مشکوٰۃ المصابیح: ۱/ ۱۸۳ بہ حوالہ بخاری) ۸۳۔ وَعَنِ ابْنِ عَبَّاسٍؓ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِﷺ: اَشْرَافُ اُمَّتِیْ حَمَلَۃُ الْقُرْاٰنِ وَاَصْحَابُ اللَّیْلِ۔ (رواہ البیہقی فی شعب الایمان) حضرت عبد اللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ حضور پرنور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میری امت کے شریف لوگ وہ ہیں جو قرآن کے حاملین ہیں اور رات (کو بیدار رہنے والے ہیں)۔ (مشکوٰۃ المصابیح: ۱/۱۱۰، از بیہقی فی شعب الایمان) تشریح: ان دونوں حدیثوں میں قرآن کریم پڑھنے پڑھانے اور اس کی تعلیم و ترویج میں لگنے کی فضیلت بیان فرمائی ہے۔ دنیا میں کروڑوں آدمی بستے ہیں۔ چھوٹا بڑا اور اچھا برا اور شریف وغیر شریف ہونے کے بہت سے معیار ہیں، اس بارے میں لوگوں کی مختلف رائے ہیں۔ کوئی شخص دولت مند کو بڑا آدمی سمجھتا ہے، کوئی صدر اور وزیراعظم کو شریف جانتا ہے۔ کوئی اچھے بنگلہ میں رہنے والے کو اچھا جانتا ہے، کوئی بڑی فرم اور موٹر کار وغیرہ کا مالک ہونے کو بڑائی کا معیار یقین کرتا ہے۔ خدائے تعالیٰ کے سچے رسول ﷺ نے ان مذکورہ خیالات کو غلط قرار دیا اور شرافت کا معیار قرآن مجید میں مشغول ہونا بتایا اور جو اس کی تعلیم میں لگے اس کے بارے میں فرمایا کہ وہ سب سے بہتر آدمی ہے۔ حضرت ابوسعیدؓ سے روایت ہے کہ رسول خدا ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جس شخص کو قرآن میرے ذکر سے اور مجھ سے سوال کرنے سے مشغول کرے (کہ اس کو قرآن شریف پڑھنے کی وجہ سے دوسرے کسی ذکر اور دعا کی فرصت نہ ملے) میں اس کو سوال کرنے والوں سے افضل (نعمتیں) دوں گا اور کلام اللہ کی فضیلت (دوسرے) سارے کلاموں پر ایسی ہے جیسی اللہ کی فضیلت مخلوق پر ہے۔ (ترمذی) حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص اللہ کی کتاب سے ایک حرف پڑھے تو اس کے لیے اس حرف کے بدلے ایک نیکی ملے گی اور ہر نیکی دس نیکیوں (کے) برابر (لکھی جاتی) ہے۔ (پھر فرمایا) میں نہیں کہتا کہ الم ایک حرف ہے بلکہ میں کہتا ہوں کہ الف ایک حرف ہے اور لام ایک حرف ہے اور میم ایک حرف ہے۔ (ترمذی) پس اگر کسی نے لفظ الحمد کہا تو اس کے کہنے سے پچاس نیکیاں مل جائیں گی کیوں کہ اس میں پانچ حرف ہیں۔ قرآن مجید اللہ کی کتاب ہے، اس میں احکام ہیں، معارف و حقائق ہیں، اخلاق و آداب ہیں، اس نے دنیا و آخرت کی کامیابی کے اعمال بتائے ہیں، یہ انقلاب عالم کے اسباب اور اقوام کے زیر و زبر ہونے کے رموز کی طرف رہبری کرتا ہے۔ اس کی برکتیں