تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ان کا تعارف کرادیا۔ گوبات لمبی ہوگئی مگر مفید بہت ہے۔ یہ حالات الاصابہ اور الاستیعاب سے ماخوذ ہیں۔ یہاں یہ بات دیکھنے کی ہے کہ ایک یہودی عورت رسول خدا ﷺ کی صحبت بابرکت میں آتے ہی کیسی عابدہ اور ذاکرہ بن گئی کہ گھنٹوں مصلیٰ پر بیٹھی ہوئی اللہ تعالیٰ سے لو لگا رہی ہے۔ درحقیقت حضور اقدس ﷺ کی تعلیم و تربیت سے مردوں اور عورتوں میں شان عبدیت اجاگر ہوتی ہے اور خالق و مخلوق کا رشتہ بہت مضبوط ہوجاتا تھا، بندے اپنے خالق کو پہچاننے لگتے تھے اور خالق کے احکام کی تکمیل کے لیے مر مٹتے تھے اور دل میں اپنے خالق و مالک کی یاد بساتے تھے اور زبان کو بھی اس کی یاد میں تر رکھتے تھے۔ آج بھی جو مرد و عورت اتباع سنت کے ذریعہ رسول اللہ ﷺ سے نزدیک ہیں، دل و جان اور لسان و جنان (زبان و دل) سے ذکر الٰہی میں لگے رہتے ہیں۔ حدیث شریف سے ایک یہ بات معلوم ہوئی کہ کثرت عمل ہی کثرت ثواب کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ بعض مرتبہ تھوڑا عمل بھی بڑے عمل سے بڑھ جاتا ہے۔ جس کا ثواب زیاد ہ ہوتا ہے۔ چناں چہ ایک مرتبہ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ کہنے کا بہت زیادہ ثواب ہے، پھر اس ثواب میں بے انتہا اضافہ ہوگیا۔ جب کہ یہ الفاظ بڑھادیئے عَدَدَ خَلْقِہٖ رِضَا نَفْسِہٖ وَزِنَۃَ عَرْشِہٖ وَمِدَادَ کَلِمَاتِہٖ حمد و تسبیح زبان سے ایک مرتبہ نکلی اور اس کی مقدار بڑھانے کے لیے الفاظ بالا بڑھادیئے گئے۔ سب مسلمان ماؤں بہنوں سے درخواست ہے کہ کم از کم صبح شام ایک ایک تسبیح ان چیزوں کی اس طرح پڑھا کریں۔ ۱۔ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ عَدَدَ خَلْقِہٖ۔ میں اللہ تعالیٰ کی پاکی بیان کرتی ہوں اور اس کی تعریف کرتی ہیں۔ جس قدر اس کی مخلوق ہے۔ ۲۔ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ رِضَا نَفْسِہٖ۔ میں اللہ تعالیٰ کی پاکی بیان کرتی ہوں اور اس کی تعریف کرتی ہوں جس سے وہ راضی ہوجائے۔ ۳۔ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ زِنَۃَ عَرْشِہٖ۔ میں اللہ تعالیٰ کی پاکی بیان کرتی ہوں اور اس کی تعریف کرتی ہوں جس قدر اس کے عرش کا وزن ہے۔ ۴۔ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ مِدَادَ کَلِمَاتِہَٖ۔ میں اللہ کی پاکی بیان کرتی ہوں اور اس کی تعریف کرتی ہوں جس قدر اس کی تعریف کے بے انتہا کلمات لکھنے کی روشنائی ہو۔ اگر صبح شام نہ ہوسکے تو کم از کم ایک تسبیح ۲۴ گھنٹے میں تو ضرور پڑھ لیا کریں۔ اللہ تعالیٰ عمل کی توفیق دیں، آمین۔کلمہ توحید کے فضائل : ۹۱۔ وَعَنْ اَبِیْ اَیُّوْبَ الْاَنْصَارِیِّ ؓ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ﷺ مَنْ قَالَ لَا اِلٰہَ اِلَّااللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ َولَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ عَشْرِ مِرَارٍکَانَ کَمَنْ اَعْتَقَ اَرْبَعَۃَ انْفُسٍ مِنْ وَّلْدِ اِسْمٰعِیْلَ۔ (رواہ مسلم)