تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
یا یہ پڑھے: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَطْعَمَنِیْ ھٰذَا الطَّعَامَ وَرَزَقَنِیْہِ مِنْ غَیْرِ حَوْلٍ مِّنِّیْ وَلَا قُوَّۃٍ۔ سب تعریفیں خدا ہی کے لیے ہیں جس نے مجھے یہ کھانا کھلایا اور مجھے نصیب کیا بغیر میری قوت اور کوشش کے۔ کھانے کے بعد اس کے پڑھ لینے سے پچھلے گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ (مشکوٰۃ کتاب اللباس)جب دستر خوان اٹھنے لگے تو یہ دعا پڑھے : اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ حَمَدًا کَثِیْرًا طَیِّبًا مُّبَارَکًا فِیْہِ غَیْرَ مَکْفِیْ وَلَّا مُوَدَّعٍ وَّلَا مُسْتَغْنِیْ عَنْہُ رَبَّنَا۔ (بخاری) سب تعریف اللہ کے لیے ہے، ایسی تعریف جو بہت ہو اور پاکیزہ ہوا ور بابرکت ہو، اے ہمارے رب ہم اس کھانے کو کافی سمجھ کر یا بالکل رخصت کرکے یا اس سے غیر محتاج ہوکر نہیں اٹھا رہے ہیں۔دودھ پی کر یہ دعا پڑھے : اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْہِ وَزِدْنَا مِنْہُ۔ (ترمذی) اے اللہ! تو اس میں ہمیں برکت دے اور ہم کو اور زیادہ دے۔جب کسی کے یہاں دعوت کھائے تو یہ پڑھے : اَللّٰھُمَّ اَطْعِمْ مَّنْ اَطْعَمَنِیْ وَاَسْقِ مَنْ سَقَانِیْ۔ (مسلم) اے اللہ جس نے مجھے کھلایاتو اسے کھلا اور جس نے مجھے پلایا تو اسے پلایا۔ یایہ پڑھے: اَکَلَ طَعَامَکُمُ الْاَبْرَارُ وَصَلَّتْ عَلَیْکُمُ الْمَلٰئِکَۃُ وَاَفْطَرِ عِنْدَکُمُ الصَّائِمُوْنَ۔ (مشکوۃ) نیک بندے تمہارا کھانا کھائیں اور فرشتے تم پر رحمت بھیجیں اور روزہ دار تمہارے پاس افطار کریں۔ اور ان کے ساتھ وہ دعائیں بھی جو پہلے گزر چکی ہیں جن میں اللہ کا شکر اور حمد ہے۔جب میزبان کے گھر سے چلنے لگے تو اسے یہ دعا دے : اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَھُمْ فِیْمَا رَزَقْتَھُمْ وَاغْفَرْلَھُمْ وَارْحَمْھُمْ۔ (مشکوٰۃ) اے اللہ ان کے رزق میں برکت دے اور ان کو بخش دے اور ان پر رحم فرما۔ پانی یا اور کوئی پینے کی چیز بیٹھ کر پئے اور اونٹ کی طرح ایک ہی سانس میں نہ پئے بلکہ دو یا تین سانسوں سے پئے اور برتن میں سانس نہ لے اور نہ پھونک مارے اور جب پینے لگے تو بسم اللہ پڑھ لے اور جب پی چکے تو الحمد للہ کہے۔ (مشکوۃ)