تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
(جب) شیطان (مردود ہوگیا تو) اس نے کہا کہ اے رب! تیری عزت کی قسم ہے، میں تیرے بندوں کو ہمیشہ بہکاتا رہوں گا، جب تک ان کی روحیں ان کے جسموں میں رہیں گی۔ اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا کہ مجھے قسم ہے اپنی عزت و جلال کی اور اپنے رفعت مقام کی، جب تک وہ مجھ سے استغفار کرتے رہیں گے میں ان کو بخشتا رہوں گا۔ (احمد) حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو کوئی اَسْتَغْفِرُاللّٰہَ الَّذِیْ لَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَالْحَیُّ الْقَیُّوْمِ وَاَتُوْبُ اِلَیْہِ کہے اس کی مغفرت کردی جائے۔ اگرچہ میدان جہاد سے بھاگا ہو۔ (مشکوٰۃ) ایک حدیث میں ہے کہ رسول خدا ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس کویہ پسند ہو کہ اس کا نامہ اعمال اس کو خوش کرے تو چاہیے کہ استغفار کی کثرت کرے۔ (ترغیب) مومن بندوں کو چاہیے کہ دیگر اذکار و اوراد کے ساتھ استغفار کی کثرت کو بھی معمول بنائیں، کم از کم صبح و شام سو سو مرتبہ تو استغفار پڑھ ہی لیا کریں، اس کے علاوہ جس قدر ممکن ہو استغفار کی کثرت کریں۔ استغفار کے الفاظ ابھی ابھی دو روایتوں میں گزر چکے ہیں، ان کو اختیار کریں، اور کچھ بھی یاد نہ ہو تا ہو تو اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِیْ ہی کثرت سے پڑھتے رہیں، استغفار کے فوائد تفصیل کے ساتھ آخر کتاب میں آرہے ہیں، ان شاء اللہ وہاں استغفار ماثورہ کے الفاظ بھی لکھ دیئے ہیں۔فضائل الصلاۃ والسلام علی سید الانام علیہ افضل الصلاۃ والسلام : اذکار میں درود شریف کو بھی بہت اہمیت حاصل ہے، قرآن مجید میں صلوٰۃ والسلام کا حکم وارد ہوا ہے اور احادیث میں اس کی بڑی فضیلت آئی ہے۔ ہم نے فضائل صلوٰۃ والسلام کے عنوان سے ایک مستقل رسالہ لکھا ہے، یہاں چند احادیث مختصر طریقہ پر درج کرتے ہیں۔ حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص ایک بار مجھ پر درود پڑھے اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا اورا س کے دس گناہ معاف ہوں گے اور اس کے دس درجے بلند کردیئے جائیں گے (نسائی شریف) اور اس کے لیے دس نیکیاں لکھ دی جائیں گی اور اس کو دس غلام آزاد کرنے کے برابر ثواب ملے گا۔ (کمافی الترغیب عن البراء بن عازب) حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ رسول خدا ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے روز مجھ سے سب سے زیادہ قریب وہ شخص ہوگا جو مجھ پر سب سے زیادہ درود پڑھتا تھا۔ (ترمذی) حضرت رویفع بن ثابتؓ سے روایت ہے کہ رسول خدا ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس نے مجھ پر درود پڑھا اور یوں کہا: