تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
مختلف اوقات کی مختلف دعائیں : حضور اقدس ﷺ سے تقریباً ہر موقعہ اور ہر مقام کی دعائیں منقول ہیں، ان میں سے تقریباً سو دعائیں لکھی جاتی ہیں۔ ان دعاؤں کا خاص اہتمام کرنا چاہیے۔ ان کو موقعہ بموقعہ پڑھنے سے کثرت ذکر کی دولت نصیب ہوجاتی ہے، اس سلسلہ میں ہم نے ایک کتاب ’’مسنون دعائیں‘‘ لکھی ہے، اسی کتاب میں سے منتخب کرکے یہ دعائیں لکھ رہے ہیں، کسی کو زیادہ رغبت اور شوق ہو تو مذکورہ کتاب حاصل کرکے مزید دعائیں سیکھ لے۔ ان دعاؤں کے ساتھ ’’مناجات مقبول‘‘ یا ’’الحزب الاعظم‘‘ کی بھی روزانہ ایک ایک منزل پڑھا کریں۔ ان دونوں کتابوں میں حضور اقدس ﷺ کی وہ دعائیں جمع کردی ہیں جو اوقات کے ساتھ مخصوص نہیں ہیں اور ان کو سات منزلوں پر تقسیم کردیا ہے تاکہ ایک منزل روزانہ پڑھ لی جائے۔جب صبح ہو تو یہ پڑھے : اَللّٰھُمَّ بِکَ اَصْبَحْنَا وَبِکَ اَمَسَیْنَا وَبِکَ نَحْیٰی وَبِکَ نَمُوْتُ وَاِلَیْکَ الْمَصِیْرُ۔ (ترمذی) اے اللہ تیری قدرت سے ہم صبح کے وقت میں داخل ہوئے اور تیری قدرت سے ہم شام کے وقت میں داخل ہوئے اور تیری قدرت سے ہم جیتے اور مرتے ہیں اور تیری ہی طرف جانا ہے۔جب سورج نکلے تو یہ پڑھے : اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَقَالَنَا یَوْمَنَا ھٰذَا وَلَمْ یُھْلِکُنَا بِذُنُوْبِنَا۔ (مسلم) سب تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں، جس نے آج کے دن ہمیں معاف رکھا اور گناہوں کے سبب ہمیں ہلاک نہ فرمایا۔جب شام ہو تو یہ پڑھے : اَللّٰھُمَّ بِکَ اَمْسَیْنَا وَبِکَ اَصْبَحْنَا وَبِکَ نَحْیٰی وَبِکَ نَمُوْتُ وَاِلَیْکَ النُّشُوْرُ۔ (ترمذی) اے اللہ ہم تیری قدرت سے شام کے وقت میں داخل ہوئے اور تیری قدرت سے صبح کے وقت میں داخل ہوئے اور تیری قدرت سے جیتے اور مرتے ہیں اور مرے پیچھے جی اٹھ کر تیری ہی طرف جانا ہے۔ حضرت عثمانؓ فرماتے ہیں کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جو بندہ ہر صبح و شام تین مرتبہ یہ کلمات: بِسْمِ اللّٰہِ الَّذِیْ لَایَضُرُّ مَعَ اِسْمِہٖ شَیْئٌ فِی الْاَرْضِ وَلَا فِی السَّمَائِ وَھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ۔ اللہ کے نام کے ساتھ آسمان یا زمین میں کوئی چیز نقصان نہیں دے سکتی اور وہ سننے والا اور جاننے والا ہے۔ پڑھ لیا کرے تو اسے کوئی چیز ضرر نہ پہنچائے گی۔ (ترمذی)