تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
’’حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ دوزخیوں کی دو جماعتیں میں نے نہیں دیکھی ہیں (کیوں کہ وہ ابھی موجود نہیں ہوئیں، بعد میں ان کا وجود اور ظہور ہوگا) ایک جماعت ان لوگوں کی ہوگی جس کے پاس بیلوں کی دموں کی طرح کوڑے ہوں گے، ان سے لوگوں کو ظلماً ماریں گے، دوسری جماعت ایسی عورتوں کی ہوگی جو کپڑے پہنے ہوئے ہوں گی (مگر اس کے باوجود) ننگی ہوں گی (مردوں کو) مائل کرنے والی اور (خود ان کی طرف) مائل ہونے والی ہوں گی، ان کے سر خوب بڑے بڑے اونٹوں کے کوہانوں کی طرح ہوں گے جو جھکے ہوئے ہوں گے یہ عورتیں نہ جنت میں داخل ہوں گی اور نہ اس کی خوشبو سونگھیں گی، اور اس میں شک نہیں کہ جنت کی خوشبو اتنی اتنی دور سے سونگھی جاتی ہے۔ ‘‘ (مشکوٰۃ المصابیح ص ۳۱۲، از مسلم) تشریح: اس حدیث میں حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے دو ایسے گروہوں کے متعلق پیشین گوئی فرمائی ہے، جن کو آپ نے اپنے زمانہ میں نہیں دیکھا تھا، لیکن آج وہ دونوں گروہ اپنے شر و فساد کے ساتھ موجود ہیں، خدا کے مقدس پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم نے اول تو ان لوگوں کا ذکر فرمایا جو کوڑے لیے پھریں گے اور ان سے لوگوں کو ماریں گے، یہ ان لوگوں کے بارے میں پیشین گوئی فرمائی جو اپنے اقتدار کے نشہ میں بات بات پر کمزوروں اور بے بسوں کو پیٹ دیا کرتے ہیں۔ دیہات اور قصبات کے زمینداروں اور مالداروں کو دیکھا گیا ہے کہ تنگ دستوں اور بے کسوں کو جھوٹے سچے بہانے بناکر پیٹتے ہیں، ان سے سیکڑوں کام بیگار میں لیتے ہیں اور طرح طرح کے ظلم و ستم ان پر ڈھاتے ہیں، اس سلسلہ میں بعض واقعات یہاں تک سنے گئے ہیں کہ اگر کسی کم حیثیت والے مسلمان نے کسی دولت مند مسلمان کو سلام کرلیا تو اس غریب کو اس جرم میں پیٹ ڈالا کہ اس نے اپنے آپ کو ہمارے برابر سمجھا، اللہ ایسے ظالموں سے بچائے، یہ بے کس اور بے بس مظلوم بندے جب آخرت میں مدعی ہوں گے اور وہاں روز جزا کی عدالت میں پیشی ہوگی، تو ظلم و ستم کے انجام کا پتہ چلے گا۔کپڑے پہنے ہوئے بھی ننگی : دوسری پیشین گوئی عورتوں کے حق میں ارشاد فرمائی کہ ایسی عورتیں موجود ہوں گی جو کپڑے پہنے ہوئے ہوں گی لیکن پھر بھی ننگی ہوں گی، یعنی اس قدر باریک کپڑے پہنیں گی کہ ان کے پہننے سے جسم کو چھپانے کا فائدہ حاصل نہ ہوگا، یا باریک کپڑا تو نہ ہوگا، مگر چست ہونے اور بدن کی ساخت پر کس جانے سے اس کا پہننا نہ پہننا برابر ہوگا، بدن پر کپڑے ہونے اور اس کے باوجود ننگا ہونے کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ بدن پر صرف تھوڑا سا کپڑا ہو اور بدن کا بیشتر حصہ اور خصوصاً وہ اعضا کھلے رہیں جن کو باحیا عورتیں غیر مردوں سے چھپاتی ہیں،