تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
لَمْ تُصِبْہُ فَاقَۃٌ اَبَدًا وَکَانَ ابْنُ مَسْعُوْدٍ ؓ یَاْمُرُبَنَاتِہٖ یَقْرَأَنَ بِھَا فِیْ کُلِ لَیْلَۃِ۔ (رواہ البیہقی فی شعب الایمان) حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص روزانہ رات کو سورۂ واقعہ پڑھ لیا کرے اسے کبھی فاقہ نہ ہوگا۔ (راوی حدیث حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ کے شاگردوں کا بیان ہے کہ) حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ اپنی لڑکیوں کو حکم دے کرروزانہ رات کو سورۂ واقعہ پڑھوایا کرتے تھے۔ (مشکوٰۃ شریف: ص ۱۸۹ بہ حوالہ بیہقی فی شعب الایمان) وَعَنْ اَنَسٍ ؓ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ﷺ عَلِّمُوْا نِسَائَکُمْ سُوْرَۃَ الْوَاقِعَۃَ فَاِنَّھَا سُوْرَۃُ الْغِنٰی۔ (کذا فی کنزالعمال والجامع الصغیر للسیوطی عن مسند الفردوس للدیلمی) حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تم اپنی عورتوں کو سورۂ واقعہ سکھاؤ کیوں کہ وہ غنی یعنی مال داری (لانے والی) سورت ہے۔ (کنزالعمال:۱/ ۱۴۵) تشریح: حدیث نمبر ۸۵میں فرمایا کہ جو شخص ہر رات سورۂ واقعہ پڑھ لیا کرے اسے کبھی فاقہ نہ ہوگا اور اس کے بعد والی حدیث میں فرمایا کہ سورۂ واقعہ عورتوں کو سکھاؤکیوں کہ یہ مال داری لانے والی سورت ہے اسی لیے عبد اللہ بن مسعودؓ روزانہ اپنی لڑکیوں کو اہتمام کے ساتھ سورۂ واقعہ پڑھوایا کرتے تھے۔ حافظ ابن کثیر ؒ نے اپنی تفسیر میں ابن عساکر ؒ کے حوالہ سے لکھا ہے کہ حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ کے مرض وفات میں حضرت عثمان بن عفانؓ ان کی بیمار پرسی کے لیے تشریف لے گئے اور دریافت فرمایاکہ مَا تَشْتَکِیْ؟ (آپ کو کیا تکلیف ہے؟) حضرت عبد اللہؓ نے جواب دیا: ذُنُوْبِیْ؟ (اپنے گناہوں کے وبال کی تکلیف ہے۔) حضرت عثمانؓ نے فرمایا: فَمَا تَشْتَھِیْ؟ (آپ کی خواہش کیا ہے؟) حضرت عبد اللہؓ نے فرمایا: رَحْمَۃَ رَبِّیْ (اپنے پروردگار کی رحمت چاہتاہوں۔) آپ کے لیے کوئی طبیب بھیج دوں؟ حضرت عثمانؓ نے پوچھا۔ طبیب ہی نے تو مجھے بیمار کیا ہے۔ حضرت عبد اللہؓ نے جواب دیا۔ تو پھر اخراجات کے لیے کچھ رقم بھجوادوں؟ حضرت عثمانؓ نے فرمایا۔ نہیں، مجھے اس کی ضرورت نہیں۔ حضرت عبد اللہؓ نے جواب دیا۔ یہ رقم آپ کے بعد آپ کی صاحب زادیوں کے کام آجائے گی۔ حضرت عثمانؓ نے فرمایا۔ کیا آپ کو میری بیٹیوں پر فقر و فاقہ کا اندیشہ ہے؟ میں نے تو انھیں ہر رات سورۂ واقعہ کی تلاوت کی تاکید کر رکھی ہے کیوں کہ میں نے آں حضرت ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جو شخص ہر رات کو سورۂ واقعہ پڑھے اسے کبھی فاقہ کی مصیبت نہیں آئے گی۔ (تفسیر ابن کثیر:۴/ ۲۸۱) لوگ آج کل پیسہ کمانے اور مال داربننے کے لیے بہت کچھ کوششیں کرتے ہیں لیکن اللہ کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے نسخے پر عمل کرنے کا ارادہ ہی نہیں کرتے۔