تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
معنی بھول کے ہیں، اسی مضمون کو حدیث بالا میں ذکر فرمایاہے۔ کسی واجب کے چھوٹ جانے سے یا واجب یا فرض میں تاخیر (یعنی دیر) ہوجانے سے یا کسی فرض کو دوبارہ ادا کرنے سے مثلاً (ایک رکعت میں دو رکوع کردیئے یا تین سجدے کردیئے) ان سب صورتوں میں سجدۂ سہو واجب ہوجاتا ہے، بشرطے کہ بھولے سے ایسا ہواہو اور اگر قصداً ایسا کیا ہو تو سجدۂ سہو سے کام نہ چلے گا بلکہ نماز دہرانی پڑے گی۔ 1 فرض چھوٹ جائے تو سجدۂ سہو سے تلافی نہیں ہوتی، اس صورت میں نماز کو دوبارہ پڑھنا فرض ہے، اگرچہ بھول کر چھوڑا ہو۔ 2 اگر کسی نماز میں بھول کر کئی باتیں ایسی پیش آگئیں جن سے سجدۂ سہو واجب ہوجاتا ہے تو سب کی تلافی کے لیے صرف ایک ہی بار سہو کے دو سجدے کرلینا کافی ہے، سہو کے بہت سے سجدے نہ کیے جائیں۔ 3 جن چیزوں سے فرض نمازوں میں سجدۂ سہو واجب ہوتا ہے ان سے نوافل، سنن اور وتروں میں بھی واجب ہوتا ہے (البتہ نفلوں اور غیر موکدہ سنتوں میں بعض صورتیں اس قاعدہ سے مستثنیٰ ہیں، جن کا ذکر آگے آئے گا، ان شاء اللہ تعالیٰ)۔ 4 نماز میں الحمد پڑھنا بھول گئی، فقط سورت پڑھی یا پہلے سورت پڑھی بعد میں الحمد پڑھی اور بعد میں کسی رکعت میں یاد آیا تو سجدۂ سہو کرنا واجب ہے۔ 5 فرض کی پہلی دو رکعتوں میں سورت ملانا بھول گئی تو یہ پچھلی دونوں رکعتوں میں سورت ملا دے اور سجدۂ سہو کرے، اور اگر پہلی دو رکعتوں میں سے ایک رکعت میں سورت نہیں ملائی تو پچھلی ایک رکعت میں سورت ملائے اور سجدۂ سہو کرے، اور اگر پچھلی رکعتوں میں بھی سورت ملانا یاد نہ رہا (نہ پہلی رکعتوں میں سورت ملائی نہ پچھلی رکعتوں میں) اور اخیر رکعت میں رکوع کے بعد یاد آیا کہ دو رکعتوں میں یا ایک رکعت میں سورت نہیں ملائی، تب بھی سجدۂ سہو کرنے سے نماز ہوجائے گی۔ 6 سنت اور نفل کی سب رکعتوں میں سورت کا ملانا واجب ہے، اس لیے اگر ان کی کسی بھی رکعت میں سورت ملانا بھول جائے تو سجدۂ سہو کرے۔ 7 الحمد پڑھ کر سوچنے لگی کہ کون سی سورت پڑھے اور اس سوچ بچار میں اتنی دیر لگ گئی جتنی دیر میں تین دفعہ سُبْحَانَ اللّٰہُ کہہ سکتی ہے، تو بھی سجدۂ سہو واجب ہے۔ 8 اگر بالکل اخیر رکعت میں التحیات اور درود شریف پڑھنے کے بعد شبہ ہوا کہ میں نے چار رکعات پڑھی ہیں یا تین اور اسی سوچ میں خاموش بیٹھی رہی اور سلام پھیرنے میں اتنی دیر لگ گئی جتنی دیر میں تین مرتبہ سُبْحَانَ اللّٰہُ کہہ سکتی تھی، پھر یاد آگیا کہ میں نے چاروں رکعتیں پڑھ لیں تو اس صورت میں بھی سجدۂ سہو کرنا واجب ہے۔ 9 جب الحمد اور سورت پڑھ چکی تو بھولے سے کچھ سوچنے لگی اور رکوع کرنے میں اتنی دیر لگ گئی جس کا اوپر ذکر ہوا، تب بھی سجدۂ سہو کرنا واجب ہے۔