تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جیسے گوبر، پاخانہ، خون وغیرہ تو زمین پر خوب گھس کر نجاست چھڑا ڈالنے سے پاک ہوجاتا ہے، ایسے ہی کھرچ ڈالنے سے بھی پاک ہوجاتا ہے۔ اور اگر مذکورہ نجاست سوکھی نہ ہو تب بھی اتنا رگڑ ڈالے اور گھس دے کہ نجاست کا نام و نشان باقی نہ رہے، ایسا کرنے سے بھی جوتا اور موزہ پاک ہوجائے گا۔ 6 اور اگر پیشاب کی طرح کوئی نجاست جوتے میں یا چمڑے کے موزے میں لگ گئی جو جسم والی نہیں ہے تو دھوئے بغیر پاک نہ ہوگا۔ 7 آئینہ کا شیشہ اور چھری، چاندی سونے کے زیور، تانبے، لوہے، گلٹ، شیشہ کی چیزیں اگر نجس ہوجائیں تو خوب پونچھ ڈالنے اورر گڑ دینے سے یا مٹی سے مانجھ دینے سے پاک ہوجاتی ہے، لیکن اگر نقشین چیزیں ہوں تو دھوئے بغیر پاک نہ ہوں گی۔ (کیوں کہ نجاست نقش و نگار کے اندر گھس جائے گی جو رگڑنے سے نہیں نکلے گی) 8 زمین پر نجاست پڑ گئی، پھر ایسی سوکھ گئی کہ نجاست کا نشان بالکل جاتا رہا، نہ تو نجاست کا دھبہ ہے نہ بدبو آتی ہے، تو اس طرح سوکھ جانے سے زمین پاک ہوجاتی ہے، لیکن ایسی زمین پر تیمم کرنا درست نہیں، البتہ نماز پڑھنا درست ہے، جو اینٹیں یا پتھر چونے یا گارے سے زمین میں خوب جما دیئے گئے ہوں ان کا بھی یہی حکم ہے کہ سوکھ جانے اور نجاست کا نشان نہ رہنے سے پاک ہوجائیں گے۔ 9 جو اینٹیں زمین پر فقط بچھا دی گئی ہیں، چونا یا گارے سے ان کی جڑائی نہیں کی گئی ہے، وہ سوکھنے سے پاک نہ ہوں گی، پاک کرنے کے لیے ان کا دھونا لازم ہے۔ 0 اور اگر زمین کو دھو دیا جائے، یعنی اتنا پانی بہا دیا جائے جس سے نجاست کے چلے جانے کا یقین ہوجائے تب بھی پاک ہوجاتی ہے، اگر زمین کو اس طرح پاک کیا جائے تو اس پر نماز اور تیمم دونوں درست ہیں ۔ a نجس چاقو، چھری اگر دہکتی ہوئی آگ میں ڈال دیئے جائیں تو بھی پاک ہوجائیں گے۔ ؓ نجس مٹی سے جو برتن کمہار بناتا ہے تو جب تک وہ کچے ہیں ناپاک ہیں، جب پکائے گئے تو پاک ہوگئے۔ d مٹی سے بنا ہوا کورا برتن اگر ناپاک ہوجائے تو چوں کہ وہ ناپاکی کو جذب کرلیتا ہے، اس لیے اس کو یونہی دھولینا کافی نہیں، بلکہ اس کو اس طرح پاک کریں کہ اس میں پانی بھر کر رکھ دیں، جب نجاست کا اثر پانی میں آجائے تو پانی گرا کر پھر بھر کر رکھ دیں، اور اسی طرح برابر کرتے رہیں، یہاں تک کہ جب نجاست کا اثر، رنگ، بو، مزہ ختم ہوجائے تو پاک ہوجائے گا۔ ؑ نجس رنگ میں کپڑا رنگا تو اتنا دھووے کہ پانی صاف آنے لگے، ایسا کرنے سے وہ پاک ہوجائے گا، چاہے کپڑے سے رنگ چھوٹے یا نہ چھوٹے۔ f جو تیل یا گھی یا چربی کسی وجہ سے ناپاک ہوجائے اور کسی کپڑے یا جسم میں لگ جائے تو اس کو اس قدردھویا جائے کہ صاف پانی آنے لگے، اس طرح سے بدن اور کپڑا پاک ہوجائے گا، اگرچہ چکناہٹ باقی رہ جائے۔