تحفہ خواتین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
الْمَلٰئِکَۃُ بَیْتًا فِیْہِ صُوْرَۃُ وَلاََ کَلْبٌ وَلاََ جُنُبٌ۔ (رواہ ابوداؤد والنسائی) ’’حضرت علی مرتضیٰؓ و کرم اللہ وجہہ سے روایت ہے کہ سرور عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس گھر میں تصویر یا کتا ہو یا جنب (یعنی ایسا کوئی مرد یا عورت ہو جس پر غسل فرض ہو) ایسے گھر میں فرشتے داخل نہیں ہوتے۔ ‘‘ (مشکوٰۃ شریف، ص ۱۵۰ ابوداؤد و نسائی)تشریح : جس پر غسل فرض ہو اس کے لیے یہ جائز تو ہے کہ نماز پڑھنے کا وقت ہونے تک غسل نہ کرے لیکن بہتر یہی ہے کہ جلد از جلد غسل کرلے اور وجہ اس کی یہ ہے کہ فرشتوں کو جنبی سے ضد ہے، جس گھر میں جنب ہو اس میں جانے سے فرشتوں کو تکلیف محسوس ہوتی ہے۔ اس لیے ایسے گھر میں نہیں جاتے جس میں جنبی ہو۔ اس حدیث میں یہ بات بتائی ہے۔ البتہ ایک حدیث میں یہ وارد ہوا ہے کہ جنبی اگر وضو کرلے تو فرشتوں کو اس کے قریب جانے سے گریز نہیں ہوتا (مشکوٰۃ ص ۵۰ عن ابوداؤد) لہٰذا غسل فرض ہوجانے کے بعد اگرغسل کرنے میں نفس سستی کرنے لگے تو کم از کم وضو کرلیں، خصوصاً رات کو اگر ایسی صورت پیش آجائے تو وضو کرکے سوجائیں اور پھر فجر کی اذان ہوجانے پر غسل کرکے نماز فجر ادا کرلیں۔ غسل فرض ہوجانے کی حالت میں اگر کچھ کھانا چاہیں تو وضو کرکے کھانا پینا بہتر ہے۔ اس حدیث میں یہ بھی ہے کہ فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں تصویر ہو یا کتا ہو۔ تصویر اگر کسی درخت یا عمارت کی ہو تو گھر میں رکھ سکتے ہیں، بشرطیکہ کفر و فسق کی نشانی نہ ہو اور اس کے ساتھ کسی جاندار کی تصویر نہ بنی ہوئی ہو اور جاندار کی تصویر بنانایا گھر وغیرہ میں لگانا اور سجانا سب حرام ہے۔ اسی طرح کتا پالنے کے بارے میں سخت وعید وارد ہوتی ہے۔ شوقیہ طور پر کتا پالنے کی سخت ممانعت ہے۔ البتہ کھیتی کی حفاظت اور گھر کی حفاظت اور شکار کے لیے کتا پال سکتے ہیں۔ حدیث شریف میں جو یہ فرمایا کہ فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں تصویر یا کتا یا جنب ہو، اس سے رحمت کے فرشتے مراد ہیں۔ جو فرشتے اعمال لکھنے کی ڈیوٹی انجام دیتے ہیں یا جان نکالنے کے کام پر لگائے گئے ہیں ان کو تو ہرگھر میں جانا پڑتا ہے۔ مگر کراہت کے ساتھ جاتے ہیں۔ آج کل مسلمانوں پر یہ مصیبت سوار ہے کہ دشمنوں کی دیکھا دیکھی تصویروں سے گھر بھرا رکھتے ہیں اور شوقیہ کتے بھی پالتے ہیں اور اپنے اعمال سے رحمت کے فرشتوں کو گھر میں آنے سے روکتے ہیں۔ ایک کتا پالنے والا جاہل کہنے لگا جب فرشتے کتا ہوتے ہوئے گھر میں داخل نہیں ہوتے تو ہم ہر وقت کتا گھر میں رکھیں گے، پھر ہماری روح فرشتہ کیسے قبض کرے گا؟ ایک عالم یعنی مولانا تھانوی ؒ نے جواب دیا کہ جو فرشتہ کتے کی روح قبض کرتا ہے وہی اس کی روح قبض کرلے گا جو موت سے بچنے کے لیے موت کو گھر میں گھسائے رہے گا۔